آفریدی کی تعریف کیوں کی؟ بھارتی شہریوں نے یوراج اور ہربھجن پر برس پڑے

0

لندن(اے ون نیوز) سابق بھارتی بیٹسمین یوراج سنگھ اور سپنر ہربھجن سنگھ کی طرف سے کورونا وائرس کے دوران غریبوں کی مدد کرنے پر شاہد آفریدی کی تعریف کی جس پر بھارتی شہری انسانیت بھول گئے اور اپنے ہم وطن کھلاڑیوں پر تنقیدی نشتر چلا دیئے۔

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کے خلاف لڑنے والوں کو خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے جبکہ اس مہلک وباء میں انسانیت کی خدمت کرنے والوں کو بھی داد دی جا رہی ہے، کھیلوں سے وابستہ شخصیات بھی اس وباء سے نمٹنے کے لیے غریبوں کی مدد کر رہی ہیں، جس کو داد دینے کے لیے دیگر ممالک کے کھلاڑی بھی میدان میں آ گئے، گزشتہ روز کورونا وائرس میں غریبوں کی مدد کرنے پر بھارتی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر یوراج سنگھ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی تعریف کی تھی۔

بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق سابق بھارتی کرکٹرز یووراج سنگھ اور ہربھجن سنگھ کو قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی شاہد آفریدی کے فاؤنڈیشن کی حمایت کرنے پر بھارتی عوام کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ اور یووراج سنگھ دونوں کی جانب سے ٹوئٹر پر ویڈیو پیغام شیئر کیے گئے جس میں انہوں نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنے میں پیش پیش شاہد آفریدی کے فاؤنڈیشن کے اقدامات کو خوب سراہا۔


بھارتی کھلاڑیوں نے اپنے اپنے ویڈیو پیغام میں نا صرف شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی تعریف کی بلکہ انہوں نے عوام سے شاہد آفریدی فاؤنڈیشن میں عطیات دینے کی اپیل بھی کی۔

بعد ازاں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی شاہد آفریدی نے یووراج سنگھ اور ہربھجن سنگھ کی حمایت اور انسانیت کے لیے محبت کے اس جذبےکا بھی شکریہ ادا کیا لیکن بھارتی عوام کی جانب سے کھلاڑیوں کے انسانیت کے لیے اس جذبےکو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

بھارتی عوام کی جانب سے کی جانے والی شدید تنقید کے بعد یوراج سنگھ نے اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹر پر پیغام بھی شیئر کیا۔

یوراج سنگھ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ میرا مقصد صرف اور صرف لوگوں کی مدد کرنا ہے، میں اپنے پیغام سے کسی کے بھی جذبات کو ٹھیس نہیں پہنچانا چاہتا تھا، میں ایک بھارتی ہوں اور انسانیت کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہوں گا۔


خیال رہے کہ شاہد آفریدی اپنے فاؤنڈیشن کے ذریعے کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی مدد کر رہے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here