جنوبی افریقہ کے سپر سپورٹس نے 2023 تک پاکستان کے ہوم میچز اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کے نشریاتی حقوق حاصل کرلیے

0

جوہانسبرگ(ندیم شبیر سے )جنوبی افریقہ کے معروف سپورٹس نیٹ ورک سپر سپورٹس نے 2023 تک پاکستان کے ہوم میچز اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کے نشریاتی حقوق حاصل کرلیے ہیں، تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اور جنوبی افریقہ کے معروف سپورٹس نیٹ ورک سپر سپورٹس کے درمیان تین سال کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔

معاہدے کے مطابق سپر سپورٹس دسمبر 2023 تک پاکستان میں کھیلی جانے والی تمام ہوم انٹرنیشنل سیریزاورسال 2021 سے 2023 تک کے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کا براڈکاسٹ لائسنس پارٹنر بن گیا ہے۔اس معاہدے کے تحت تیس اکتوبر سے راولپنڈی میں شروع ہونے والی پاکستان اور زمبابوے کے خلاف محدود فارمیٹ کی سیریز کےافریقی ریجن میں نشریات کے حقوق صرف سپر سپورٹس کے پاس ہوں گے۔

ان تین سالوں میں پاکستان کو 9 ٹیسٹ، 20 ایک روزہ اور 18 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل 83روزہ ہوم انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنی ہے۔ ا س سے قبل پی سی بی ڈومیسٹک میچز کی تین سال تک پاکستان میں نشریات کے حقوق کا معاہدہ پاکستان ٹیلی ویڑن کے ساتھ کرچکا ہے۔پچیس سال قبل اپنی نشریات کا آغاز کرنے والے سپرسپورٹس نیٹ ورک میں آج 19 ایچ ڈی چینلز شامل ہیں،جن میں ایک بالخصوص کرکٹ کی کوریج کرتا ہے۔باقی 18 چینلز ٹینس، گولف، فٹبال سمیت دیگر کھیلوں کی کوریج کرتے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ ہمیں دنیا کے معروف اسپورٹس نیٹ ورک سپر اسپورٹس کے ساتھ شراکت داری پر خوشی ہے، سپر سپورٹس کے ساتھ تین سالہ نشریاتی حقوق کے معاہدے سے اب افریقی ریجن میں بسنے والے کرکٹ مداحوں کو پاکستان کی ہوم انٹرنیشنل کرکٹ اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کی براراست نشریات میسر ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ اس شراکت داری سے پاکستان کو اپنے باصلاحیت کھلاڑیوں، انٹرنیشنل میچز اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کو دنیا تک پہنچانے میں معاونت ملے گی۔ہیڈ آف ایکوزیشن سپر سپورٹس مارک جوری نے کہا کہ ہم پاکستان کے انٹرنیشنل ہوم میچز اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کے براہ راست ایکشن کیلئے پی سی بی کے ساتھ اپنی شراکت داری پر بہت خوش ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here