زمبابوے حکومت نے کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کی اجازت دیدی، شیڈول کا اعلان بھی ہو گیا

0

لاہور (اے ون نیوز) زمبابوے کی حکومت نے زمبابوے کرکٹ ٹیم کو مختصر دورانئے کی سیریز کیلئے پاکستان کا دورہ کرنے کی اجازت دیدی ہے جو رواں سال اکتوبر اور نومبر میں کھیلی جائے گی۔

زمبابوے سپورٹس اینڈ ری کری ایشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل پرنس موپازویریہو نے زمبابوے کرکٹ بورڈ کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ یوتھ، سپورٹس، آرٹس اینڈ ری کری ایشن کی وزارت آپ کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے پاکستان کا دورہ کرنے کی باقاعدہ اجازت دیتی ہے جبکہ زمبابوے کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ٹاوینگوا موکوہلانی نے حکومت کے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے ملکی کرکٹ کیلئے بھی خوش آئند قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم دورہ پاکستان کی اجازت دینے پر حکومت اور متعلقہ حکام کے شکر گزار ہیں اور جلد از جلد پاکستان جانے کے منتظر ہیں کہ ہم دوبارہ کرکٹ کے میدان میں جذبے اور وقار کیساتھ اپنے ملک کی نمائندگی کریں گے۔


واضح رہے کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے دوران تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی جو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہیں، پہلا میچ 30 اکتوبر، دوسرا یکم اور تیسرا میچ تین نومبر کو کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز بھی کھیلی جائے گی جس کا پہلا میچ سات نومبر، دوسرا میچ 8 نومبر اور سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 10 نومبر کو کھیلا جائے گا جبکہ زمبابوے کرکٹ بورڈ دورہ پاکستان کی تیاریوں کیلئے پہلے ہی 25 کھلاڑیوں پر مشتمل ٹریننگ سکواڈ کا اعلان کر چکا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here