سعودی عرب کا شہریوں کو کورونا ویکسین کی مفت فراہمی کا اعلان

0

جدہ(اے ون نیوز)سعودی وزارت صحت نے عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے 70 فیصد شہریوں اور تارکینِ وطن کو کورونا وائرس کی مفت ویکسین فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی حکام کو امید ہے کہ حفاظتی دوا کی فراہمی کا ہدف آئندہ سال کے آخر تک مکمل ہوجائے گا۔

اس حوالے سے سعودی وزارت صحت کے اسسٹنٹ اندرسیکریٹری دار پریونٹو ہیلتھ ڈاکٹر عبداللہ اسیری نے کہا کہ ‘ وہ افراد جن کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت نہیں آیا انہیں آئندہ مہینوں میں شروع ہونے والی کورونا وائرس کی ویکسین مہم میں ترجیح دی جائے گی’۔انہوں نے کہا کہ 16 برس سے کم عمر افراد کو اس وقت تک ویکسین نہیں دی جائے گی جب تک تحقیق یا ٹیسٹس سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ انہیں ویکسین کی ضرورت ہے۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے آئندہ ہفتوں میں ملک میں ویکسینز سے متعلق واضح شیڈول کے اعلان کی منصوبہ بندی بھی کی ہے۔سعودی عرب 2 طریقوں سے کوویکس آرگنائزیشن سے ویکسین کے حصول پر کام کررہا ہے جسے بنانے اور اس کی فنانسنگ میں جی 20 کا بہت بڑا کردار تھا۔

ڈاکٹر عبداللہ اسیری نے کہا کہ سعودی عرب اس سہولت کے ذریعے بڑی تعداد میں ویکسین حاصل کرسکیں گے جبکہ دوسرا راستہ بڑی کمپنیوں سے براہ راست ویکسین کا حصول ہے تاکہ کوویکس سے باقی رہ جانے والے خلا کو پُر کیا جاسکے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here