شادی سے متعلق خبریں جھوٹی ہیں،ورون دھون

0
86

ممبئی(اے ون نیوز)بولی وڈ ایکشن ہیرو ورون دھون یوں تو اپنی اداکاری کی وجہ سے بھی خبروں میں رہتے ہیں، لیکن گذشتہ 2 سال سے وہ اپنی شادی کی وجہ سے بھی خبروں میں ہیں۔ورون دھون کی شادی کی خبریں اس وقت سے گردش کر رہی ہیں جب سے انہوں نے سرعام اپنی بچپن کی دوست نتاشا دلال سے محبت کا اظہار کیا تھا۔

ورون دھون نے 2 سال قبل میڈیا کے سامنے اعتراف کیا تھا کہ نتاشا دلال ہی ان کی بہترین دوست اور ہمراز ہیں۔ورون دھون کے اعتراف کے بعد ان کی اور نتاشا دلال کی شادیوں کی چہ مگوئیاں ہونے لگی ہیں۔اطلاعات تھیں کہ وہ 2018 سے قبل شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے، تاہم ایسا نہیں ہوپایا۔

پھر نیا سال شروع ہوتے ہی بولی وڈ میں دیگر اسٹارز کی شادیوں کی خبروں کے ساتھ ورون دھون کی شادی کی خبریں بھی وائرل رہیں اور رپورٹس تھیں کہ سال کے آخر تک شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔لیکن 2018 میں بھی ان کی شادی نہ ہوپائی جس کے بعد رپورٹس آئیں کہ اداکار 2019 کے آغاز میں شادی کرلیں گے۔

رپورٹس تھیں کہ ورون دھون اپنی دیرینہ دوست نتاشا دلال کے ساتھ 2019 کے آغاز یا وسط تک شادی کرلیں گے، تاہم بعد ازاں اداکار کے والد نے بیٹے کی شادی پر وضاحت کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ممکنہ طور پر ورون دھون 2020 کے وسط تک شادی کریں گے۔لیکن دو دن قبل ہی یہ خبریں آئیں کہ ورون دھون رواں برس دسمبر میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ دسمبر 2019 میں ورون دھون کی آنے والی فلم ’اسٹریٹ ڈانسر 3 ڈی‘ کی نمائش مؤخر کردی گئی اور اس نمائش کو مؤخر کرنے کی وجہ ورون دھون کی شادی ہے۔میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ اداکار دسمبر میں دیرینہ دوست نتاشا دلال سے شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

دسمبر 2019 میں اپنی شادی کی خبریں وائرل ہونے کے بعد ورون دھون نے ان خبروں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جھوٹی رپورٹس کو مسترد کرتے کرتے تھک چکے ہیں۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ورون دھون نے دسمبر میں اپنی شادی سے متعلق خبروں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی غلط خبریں شائع کرنا اور پھیلانا بند کیا جائے۔ورون دھون کا کہنا تھا کہ وہ ہر بار جھوٹی خبروں کو مسترد کرتے کرتے تھک چکے ہیں۔

دوسری جانب ورون دھون کے والد فلم ساز ڈیوڈ دھون نے بھی بیٹے کی دسمبر میں شادی سے متعلق سامنے آنے والی رپورٹس کو جھوٹا قرار دیا اور کہا کہ ایسی خبریں پھیلانا بند کیا جائے۔

اداکار کے والد کا کہنا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ ہر کوئی ورون دھون کی شادی دیکھنا چاہتا ہے، لیکن ان کی شادی سے متعلق غلط خبریں پھیلانا بند کیا اور جب بھی ایسا کوئی پروگرام ہوا تو وہ میڈیا کو خود مطلع کریں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here