عاشق رسول ،محافظ ختم نبوت تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی سپرد خاک،نمازہ جنازہ میں لاکھوں افراد کی شرکت

0

لاہور(رپورٹ،محمد قیصر چوہان)عاشق رسول ، محافظ ختم نبوت تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی سپرد خاک، نماز جنازہ مینار پاکستان کے گریٹر اقبال پارک لاہور میں ادا کی گئی جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی ۔خادم حسین رضوی کے صاحبزادے حافظ سعد حسین رضوی نے نمازجنازہ پڑھائی،

جنازے میں رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن سمیت اندرون و بیرو ملک سے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی ،یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑاجنازہ تھا ،جس میں معذور افراد کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔ خادم حسین رضوی کی میت کو ایمبولینس میں مسجد رحمت اللعالمین سے گریٹر اقبال پارک لایا گیا۔نماز جنازہ کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔جنازے میں شرکت کرنے والوں کو تلاشی کے بعد گریٹر اقبال پارک میں داخلے کی اجازت دی گئی۔ گراو نڈ سے مسلسل لبیک یارسول اللہ کی صدائیں بلند ہوتی رہیں۔

تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان بھی پولیس کے ہمراہ سیکیورٹی پر مامور رہے اور لوگوں کو مکمل چیکنگ کے بعد اندر جانے کی اجازت دی گئی۔ کورونا خدشات کے پیش نظر نمازِ جنازہ میں شریک شہریوںکی بڑی تعداد نے فیس ماسک کا استعمال کیا۔راستے میں جگہ جگہ کھڑے افراد نے علامہ خادم حسین رضوی کی میت والے قافلے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ ملتان روڈ ، داتا دربار ، مینار پاکستان کے اطراف میںمارکیٹیں اور دکانیں بند رکھی گئیں اور میت والا قافلہ گزرنے کے بعد روڈ پر ٹریفک بحال ہوئی اور مارکیٹیں کھولی گئیں

مختلف علاقوں سے آئے کارکنوں کو مولانا خادم حسین رضوی کا آخری دیدار کروایا گیا۔ اس موقع پر کارکنوں نے تاجدارِ ختم نبوت اور لبیک یارسول اللہ کے نعرے لگائے۔ مرحوم کی رہائشگاہ کے باہر سیکڑوں عقیدت مند موجود تھے۔خادم حسین رضوی کی تدفین ان کی مسجد رحمت العالمین کے مدرسے میں کی جائے گی۔ خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ کے موقع پر شہر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات ہیں۔

علاوہ ازیں تحریک لبیک پاکستان کی مرکزی شوری نے علامہ خادم حسین رضوی کے صاحبزادے حافظ سعد رضوی کو نیا امیر منتخب کرلیا ہے۔ صاحبزادہ سعد رضوی نے شرکائے جنازہ سے اسلام، پاکستان اور تحریک لبیک سے وفاداری کا حلف لیا۔ علامہ خادم رضوی کی روح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کل صبح 9 بجے جامع مسجد داتا دربار میں ہوگی۔صاحبزادہ سعد رضوی نے نمازجنازہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم علامہ خادم رضوی کے مشن کو آگے لیکر بڑھیں گے،

گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر کبھی بھی خاموش نہیں رہیں گے،اپنے والد کی نصیحت اورسبق لیکر آگے بڑھیں گے، یہ گردنیں حضورکی ناموس کی خاطر ہروقت کٹنے کوتیار ہیں، امیرالمجاہدین کے مشن کو آگے لیکر بڑھیں گے، آج علامہ خادم حسین رضوی کی وفات پر خوش ہونیوالے کوبتاناچاہتے ہیں تمھاری خوشیاں غم میں بدل دیں گے،اسلام اورپاکستان کیخلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here