فواد چوہدری نے معروف صحافی سمیع ابراہیم کو تھپڑ جڑ دیا

0

فیصل آباد (اے ون نیوز )وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے معروف صحافی سمیع ابراہیم کو ایک تقریب کے دوران تھپڑ جڑ دیا اور فوراً وہاں سے چلے گئے جب کہ تقریب میں موجود سیاسی شخصیات اور بیوروکریٹس سمیت تمام شرکاء نے وفاقی وزیر کے اس طرز عمل پر حیرانی اور تشویش کا اظہار کیا ۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین فیصل آباد میں ایک تقریب میں شریک ہوئے جب کہ وہاں معروف صحافی سمیع ابراہیم بھی موجود تھے اچانک فواد چوہدری نے سمیع ابراہیم کو تھپڑ رسید کردیا اور وہاں سے چلے گئے جب کہ اس موقع پر تقریب میں اہم سیاسی شخصیات ، بیورو کریٹس ، صحافی اور دیگر افراد بھی موجود تھے جنہوں نے وفاقی وزیر کے اس طرز عمل کی مذمت کی اور سمیع ابراہیم سے دریافت کیا کہ ایسا کیوں ہوا تو انہوں نے بتایا کہ میں نے اپنے پروگراموں میں ان پر تنقید کی تھی جب کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی ایک ایسا ٹوئٹ کیا تھا جس میں میں نے انکشاف کیا تھا کہ فواد چوہدری تحریک انصاف کے اندر ایک گروپ بنا رہے ہیں جس کے وہ پیپلز پارٹی سے ملوانا چاہتے ہیں جس پر فواد چوہدری نے مجھے دھمکیاں بھی دی تھی اور اب تقریب میں انہوں نے ایسے طرز عمل کا مظاہرہ کیا ہے،


یاد رہے کہ دونوں رہنماوٴں کے درمیان تعلقات پہلے ہی کافی کشیدہ ہیں۔ دونوں کے درمیان تلخ جملوں کا آغاز سینئر صحافی سمیع ابراہیم کے ایک بیان کے بعد ہوا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگلے چند روز میں پاکستان کے خلاف بڑی سازش ہونے والی ہے جس کی تیاریاں چل رہی ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ اس سازش میں بھارت اور امریکہ شامل ہیں جبکہ پاکستان کے ادروں میں موجود وہ لو گ بھی ان کے ساتھ ملے ہوئے ہیں جو ان کے لیے کام کرتے ہیں۔


سمیع ابراہیم نے بتایا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو اس سازش کے تحت ہٹایا جائے گا اورفوج کو کمزور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ سمیع ابراہیم نے انکشاف کیا ہے کہ تحریکِ انصاف کے اندر بھی لوگ اس سازش کا حصہ ہیں۔ اور فواد چوہدری اس تحریک کو لیڈ کریں گے جبکہ انکا رابطہ پی پی پی کے ساتھ ہے۔ جب حکومت بنی تو وہ وزیراعلیٰ پنجاب بننا چاہتے تھے اور انہوں نے دوستوں اور صحافیوں کے ذریعے کوشش کی تھی کہ وہ وزیراعلیٰ بن جائیں۔وہ اپنے آپ کو ایسے پیش کر رہے ہیں جو کہہ رہے ہیں کہ سولین اداروں کو سب سنبھالنا چاہیے۔جس کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ اس (سمیع ابراہیم) کو دو کروڑ کے اشتہار دے دیتا تو دن رات میرے پاؤں چاٹتا۔


اس کے علاوہ وفاقی وزیر نے سمیع ابراہیم اور ان کے ادارے کیخلاف امریکہ اور پاکستان میں قانونی کارروائی کا بھی اعلان کیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here