پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز میں مالکان کو گراﺅنڈ سے دور رکھنے کی تجویز سامنے آگئی

0

کراچی(اے ون نیوز)پی سی بی اور پی ایس ایل ٹیم اونرز کی ورچوئل میٹنگ میں تجویز سامنے آئی کہ بقیہ میچز کے دوران ٹیم مالکان کو گراﺅنڈ سے دور رکھا جائے، 6 میں سے 5 ٹیمیں متفق ہو گئیں البتہ کراچی کنگز نے جواب کیلئے مزید وقت مانگ لیا،

اس وجہ سے فیصلے پر گذشتہ روز اطلاق نہ ہو سکا۔اب تک رائج طریقہ کار کے مطابق میچ میں شریک دونوں ٹیموں کے 10،10افراد کوباﺅنڈری لائن کے باہر ایک مخصوص جگہ پر بیٹھنے کی اجازت ہوتی ہے، فرنچائزز چاہیں توہر میچ سے قبل نئے کارڈز بھی بنوا سکتی ہیں مگر اتنے ہی کارڈز انھیں واپس بھی کرنا پڑتے ہیں۔دوسری جانب اسلام آباد یونائٹیڈ کے فواد احمد پہلے ہی کورونا کی زد میں آگئے تھے، اب لوئیس گریگوری بھی وائرس کا شکار ہو چکے،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے ٹام بینٹن کا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا،

حیران کن طور پر کئی کیسز کے باوجود دونوں ٹیموں کو پی سی بی نے منگل کو باہمی مقابلے کیلئے میدان میں اتار دیا،اس سے عمومی کوویڈ پروٹوکول کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔دریں اثنا بائیو ببل میں موجود کھلاڑیوں کے غیر ذمہ دارانہ رویے کا بھی انکشاف سامنے آیا ہے، ہوٹل میں تین لفٹس ٹیموں کیلئے مختص ہیں، اس کے باوجود کئی کھلاڑی سیڑھیاں استعمال کرتے پائے گئے جس کی انھیں اجازت نہ تھی، اسی طرح بعض مواقع پرخفیہ طور پر باہر سے کھانے منگوا کر بھی کھائے گئے، پی سی بی حکام اس پر سخت تلملائے بیٹھے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here