پی ایس ایل6، اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے دی

0

کراچی(اے ون نیوز) پی ایس ایل کے 2021ء کے چھٹے ایڈیشن کے دوران ٹاس جیت کر میچ میں کامیابی کی روایت برقرار ہے۔ ایونٹ کے 12 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دیدی۔157 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے اننگز کا آغاز پاؤل سٹرلنگ اور ایلکس ہیلز نے کیا، دونوں نے ابتدائی اوورز میں ہی جارحانہ انداز اپنایا اور چاروں اطراف جارحانہ شارٹس کھیلے۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 76 رنز کی پارٹنر شپ بنی۔ اس پارٹنر شپ میں دونوں نے 35 گیندوں کا سامنا کیا۔

یونائیٹڈ کو پہلا نقصان 76 کے مجموعی سکور پر ایلکس ہیلز 23 رنز بنا کر زاہد محمود کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ پاؤل سٹرلنگ 93 کے مجموعی سکور پر 56 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، زاہد محمود نے ایک مرتبہ پھر وکٹ حاصل کی۔اس دوران کپتان شاداب خان اور وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھایا، 14.3 اوورز میں 130 رنز پر وکٹ کیپر بیٹسمین 34 سکور بنا کر سٹین کو وکٹ دے بیٹھے۔ شاداب خان 17 گیندوں پر 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد حسنین نے وکٹ حاصل کی۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021ء کے 12 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف 17 ویں اوورز میں حاصل کیا۔ آصف علی 16رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ زاہد محمود نے دو جبکہ ڈیل سٹین اور محمد حسنین کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔اس سے قبل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر حریف ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے اننگز کا آغاز صائم ایوب اور کیمرون ڈیلپورٹ نے کیا جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے پہلا اوور حسن علی نے کیا۔

سرفراز الیون کا آغاز اچھا نہ تھا پہلے ہی اوور کی پانچویں گیند پر فاسٹ باؤلر نے صائم ایوب کو پویلین بھبج دیا، بیٹسمین 5 رنز بنا سکے، سٹرلنگ نے شاندار کیچ تھاما۔ دوسرے اوور میں فہیم اشرف نے کیمرون ڈیلپورٹ کی اننگز کا خاتمہ کیا۔ لیفٹ ہینڈ بیٹسمین 1 رن بنا کر بولڈ ہوئے۔27 کے مجموعی سکور پر فاف ڈوپلیسی 17 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ اعظم خان بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور صرف چار رنز بنا کر فہیم اشرف کا نشانہ بن گئے۔5 ویں وکٹ بین کٹنگ کی گری جو 13 گیندوں پر 23 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے، روحیل نذیر نے سٹیمپ آؤٹ کیا۔

تاہم اس دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے جارحانہ انداز اپنایا اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے افتخار احمد کو 13 ویں اوورز میں مسلسل 4 چھکے مارے اور 31 گیندوں پر اپنی ایونٹ میں دوسری نصف سنچری مکمل کی۔اس دوران کپتان سرفراز احمد نے آل راؤنڈر محمد نواز کے ساتھ مل کر وکٹ کے چاروں اطراف شارٹس کھیلے، دونوں کے درمیان 42 گیندوں پر 63 رنز کی پارٹنر شپ بنی، جس کا اختتام فہیم اشرف نے کیا۔ زاہد محمود 5 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے مقررہ اوور میں 156 رنز بنائے۔ محمد نواز31 سکور کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ فہیم اشرف نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 14 رنز دے کر 3 شکار کیے جبکہ حسن علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ شاداب خان نے بھی ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔

یاد رہے کہ ایک روز تاخیر سے ہونے والا یہ میچ گزشتہ روز ہونا تھا تاہم ایونٹ کے دوران اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی فواد احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا تھا جس کے باعث اب یہ میچ آج کھیلا جا رہا ہے۔آج کے سکواڈ میں ایونٹ کی تاریخ میں پہلی بار اسلام آباد یونائیٹڈ میں دو غیر ملکی کھلاڑی کھیل رہے ہیں، فواد احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ایک اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے غیر ملکی کھلاڑی کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے باعث اسے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here