چٹخارے دار کھانے کھاکر کروڑوں روپے کمانے والی خاتون

0

نیویارک(اے ون نیوز)عام طور پر چٹخارے دار، لذیذ اور ذائقہ دار کھانے بنانے والے افراد کروڑوں روپے کماتے ہیں، تاہم دنیا میں کچھ ایسے منفرد لوگ بھی ہیں جو ایسے کھانے کھاکر بھی کروڑوں روپے کما رہے ہیں۔انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کی ترقی کے بعد ویڈیو اسٹریمنگ ویب سائٹ یوٹیوب اور سوشل میڈیا ویب سائٹس کئی لوگوں کے لیے کمائی کا ذریعہ بن گئی ہیں اور ان ہی پلیٹ فارمز کو استعمال کرکے کروڑوں روپے کمانے والے افراد میں امریکا کی 44 سالہ سیاہ فام خاتون بھی ہیں۔

امریکا کی 44 سالہ سیاہ فام خاتون بیتھنی گاسکن یوٹیوب اور سوشل میڈیا ویب سائٹس کے ذریعے گھر بیٹھے بیٹھے سالانہ کروڑوں روپے کما رہی ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ بیتھنی گاسکن کوئی محنت کا کام بھی نہیں کرتیں بلکہ وہ ویڈیوز میں صرف چٹخارے دار کھانوں کو مزے لے لے کر کھاتی دکھائی دیتی ہیں۔

امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کے مطابق بیتھنی گاسکن یوٹیوب اور سوشل میڈیا پر اپنے کھانے کی ویڈیوز سے سالانہ کم سے کم 10 لاکھ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 15 کروڑ روپے تک کما لیتی ہیں۔بیتھنی گاسکن کی ویڈیوز دیکھنے والے افراد میں نہ صرف امریکی، برطانوی و افریقی لوگ شامل ہیں بلکہ ان کی ویڈیوز ایشیا اور یورپ میں بھی بڑے شوق سے دیکھی جاتی ہیں۔

اخبار کے مطابق بیتھنی گاسکن کو چٹخارے دار کھانوں کی ویڈیوز بنانے پر جہاں اشتہارات ملتے ہیں، وہیں وہ یوٹیوب پر ویڈیوز کو دیکھے جانے سے بھی پیسے کما رہی ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ کے مطابق بیتھنی گاسکن کی ویڈیوز دیکھنے والے افراد ان کی جانب سے کھائے جانے والے کھانوں اور ان کے اسٹائل کی تعریف بھی کرتے ہیں۔
https://www.instagram.com/bloveslife2/?utm_source=ig_embed
بیتھنی گاسکن کا کہنا ہے کہ اگرچہ وہ ویڈیوز میں بعض مرتبہ کوئی احتیاط کیے بغیر کھانے کھاتی دکھائی دیتی ہیں، تاہم وہ کبھی بھی حد سے زیادہ کھانا نہیں کھاتیں اور نہ ہی دیکھنے والے افراد کو حد سے زیادہ کھانے کی تجویز دیتی ہیں۔بیتھنی گاسکن کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ وہ صحت مند کھانے کھاتی دکھائی دیتی ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ امریکی سیاہ فام خاتون کے زیادہ تر کھانے جنوبی ایشیائی کھانوں کی طرز پر بنے ہوئے ہوتے ہیں، جن میں مصالحے اور آئل کے زیادہ استعمال کو بھی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے۔بیتھنی گاسکن عام طور پر ویڈیوز میں کیکڑا اور جھینگا مچھلی سمیت مچھلیوں کی دیگر اقسام سے بنے کھانے کھاتی دکھائی دیتی ہیں، تاہم وہ مرغن کھانوں سمیت انڈوں اور آلو کو بھی مزے مزے سے کھاتی دکھائی دیتی ہیں۔


عام طور پر بیتھنی گاسکن کو ویڈیوز میں بڑے ناخون، سرخ لپ اسٹک اور ہلکے پھلکے میک اپ کے ساتھ دلچسپی سے کھانے کھاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔بیتھنی گاسکن کی ویڈیوز کو مزید دلچسپ بنانے والی چیز ان کی جانب سے کھانا کھانے کے دوران گفتگو کرنے کا انداز بھی ہے۔

وہ چٹخارے دار کھانے کھاتے وقت مداحوں سے ان کے ذائقے اور اپنے تجربات اور مزے سے متعلق بھی باتیں کرتی ہیں۔بیتھنی گاسکن کے یوٹیوب پر 2 چینلز ہیں جن کے مجموعی سبسکرائبر کی تعداد 20 لاکھ سے زائد ہے جب کہ انسٹاگرام پر بھی ان کے فالوؤرز کی تعداد 10 لاکھ تک ہے۔

یوٹیوب پر ان کی زیادہ تر ویڈیوز کو 3 سے 5 لاکھ بار دیکھا جا چکا ہے، تاہم ان کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیو کو ایک کروڑ سے زائد بار بھی دیکھا گیا ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ بیتھنی گاسکن نے یوٹیوب چینل بنانے کے بعد اپنی ملازمت چھوڑ دی تھی اور بعد ازاں ان کے شوہر نے بھی نوکری چھوڑ کر ان کا ساتھ دینا شروع کیا۔

اس وقت بیتھنی گاسکن اپنے شوہر اور بیٹے سمیت کھانا کھانے کی ویڈیوز ویڈیو اسٹریمنگ ویب سائٹس اور سوشل ویب سائٹس پر شیئر کرکے پیسے کمانے میں مصروف ہیں اور ان کی ویڈیوز کی سالانہ کمائی کم سے کم 10 لاکھ امریکی ڈالر ہوتی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here