ڈی جی آئی ایس پی آر کو تبدیل کر دیا گیا، میجر جنرل بابر افتخار پاک فوج کے نئے ترجمان ہوں گے

0

لاہور (اے ون نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میجر جنرل بابر افتخار کو پاک فوج کا نیا ترجمان جبکہ میجر جنرل آصف غفور کو جی او سی اوکاڑہ تعینات کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار اس سے پہلے آرمر ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) ون کے عہدے پر فرائض انجام دے رہے تھے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا تعلق آرمڈ کور کی یونٹ 6 لانسر سے ہے۔ انہوں نے 1990ء میں پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا تھا۔ میجر جنرل بابر افتخار کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ سے گریجویٹ ہیں۔ انہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اور اردن کے رائل کمانڈ اینڈ سٹاف کالج سے بھی دفاعی تعلیم حاصل کی۔ میجر جنرل بابر افتخار دوران ملازمت کمانڈ اینڈ سٹاف پوزیشنز پر کام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

یاد رہے کہ میجر جنرل آصف غفور کو 15 دسمبر 2016ء کو پاک فوج کے ترجمان (ڈی جی آئی ایس پی آر) کے عہدے پر تعینات کیا گیا تھا، وہ اب اوکاڑہ میں پاک فوج کی 40 ویں انفنٹری ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ انہوں نے 1988ء میں پاکستانی فوج میں کمیشن حاصل کیا تھا۔

میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ الحمدللہ، اپنی مدت کے دوران تعاون پر سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں جبکہ تمام ذرائع ابلاغ کا خصوصی طور پر شکر گزار ہوں۔ میرے پاس ہم وطن پاکستانیوں کی محبت اور تعاون کا شکریہ ادا کرنے کیلئے الفاظ بہت کم ہیں۔میجر جنرل آصف غفور نے لکھا کہ میں نئے ڈی جی آئی ایس پی آر کیلئے دعاگو ہوں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here