ایران نے یوکرین کے مسافر حادثے کے ذمے داران کو گرفتار کر لیا

0

تہران(اے ون نیوز)ایران کی عدالت نے اعلان کیا ہے کہ یوکرین کے مسافر طیارے کے حادثے کے ذمے داران کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔عدلیہ کے ترجمان غلام حسین اسماعیلی نے منگل کو گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طیارہ حادثے کی وسیع تر تحقیقات کی گئیں اور چند افراد کو گرفتار کیا گیا ہے تاہم انہوں نے اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی کہ اس سلسلے میں کتنے افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔

اس سے قبل منگل کو ایران کے صدر حسن روحانی نے یوکرین کا طیارہ مار گرانے کے حادثے کی تحقیقات کے لیے خصوصی عدالت کے قیام کا مطالبہ کیا۔8جنوری کو تہران کے امام خمینی ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے والا یوکرین کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 176 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

عالمی رہنماؤں نے ایران پر مسافر طیارہ مار گرانے کا الزام عائد کیا تھا تاہم ایران کی جانب سے ابتدائی طور پر ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے یوکرین اور بوئنگ کمپنی کو تحقیقات میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔

البتہ بعد میں ناقابل تردید ثبوت منظر عام پر آنے کے بعد ایران نے ایران نے یوکرین کا طیارہ مار گرانے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ غیر ارادی طور پر ’انسانی غلطی‘ کی وجہ سے طیارے کو نشانہ بنایا گیا۔

منگل کو ایرانی صدر حسن روحانی نے ٹیلی ویژن پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ ایک خصوصی عدالت قائم کرے گی جس میں تجربہ کار ججز اور درجنوں ماہرین شامل ہوں گے، یہ کوئی عام معاملہ نہیں، تمام دنیا کی نظریں اس عدالت پر مرکوز ہوں گی۔

روحانی نے اس حادثے کو دردناک اور ناقابل معافی غلطی قرار دیتے ہوئے وعدہ کیا کہ ان کی حکومت اس مقدمے کو ہر حال میں منطقی انجام تک پہنچائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس حادثے کی ذمے داری ایک سے زائد افراد پر عائد ہوتی ہے اور واقعے کے ذمے داران کو سزا دی جائے گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here