تحریک انصاف کے اہم رہنما سینکڑوں ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شامل

0

پشاور(اے ون نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت عوام سے کیا گیا کوئی ایک وعدہ پورا نہیں کرسکی ۔پاکستان کو اس کی نظریاتی شناخت سے محروم کرنے کی سازشیں ہورہی ہیں۔تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کے پاس تبدیلی کا کوئی ایجنڈا نہیں۔

حکومت اور بڑی اپوزیشن پارٹیوں کا ایک ہی ایجنڈا ہے اور یہ سب ایک ہی در کے فقیر ہیں۔پیپلز پارٹی صوبائی حکومت بچانے اور ن لیگ گرفتاریوں سے بچنے کیلئے ہاتھ پاﺅں مار رہی ہیں۔ان پارٹیوں کے ایجنڈے میں کہیں بھی عوام کے مسائل نہیں ۔ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھردینے کے تمام وعدے نقش بر آب ثابت ہوئے ہیں۔مدینہ کی ریاست کا دعویٰ کرنے والوں نے عوام کو مصائب اور مسائل کے گرداب میں دھکیل دیا ہے ۔

وزیروں اور مشیروں کے تو وارے نیارے ہوگئے مگر عوام کے حالات تبدیل نہیں ہوسکے ۔نااہل حکمرانوں نے قومی ادارے تباہ کردیئے ۔پی آئی اے ،ریلوے اور سٹیل ملزسمیت بڑے بڑے اداروں پر برائے فروخت کے بورڈ لگائے جارہے ہیں۔تمام معاشی فیصلے آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کررہے ہیں۔بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کی بجائے آئی ایم ایف کے مطالبات پورے کئے گئے ۔کشمیر کے مسئلہ پر حکومت چپ سادھے بیٹھی ہے ۔بھارتی فوج روزانہ نوجوانوں اور بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام کررہی ہے مگر ہمارے حکمران مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں ۔

جماعت اسلامی پاکستان کو اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد کررہی ہے ۔حقیقی اپوزیشن ہم ہیں اور ہمارے پاس ہی تبدیلی کا اصل ایجنڈا ہے۔جب قرآن کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی ہوگی تو پاکستان حقیقی معنوں میں مدینہ کی ریاست بنے گا ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جندول لوئر دیر میںبڑے شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے جماعت اسلامی میں شمولیت کرنے والوں کا خیر مقدم کیا اور ان کیلئے استقامت کی دعا کی ۔اس موقع پر ضلعی امیر اعزاز ملک افکاری و دیگر بھی موجود تھے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہوچکی ہے۔پی ٹی آئی کے اپنے کارکنان مایوسی کا شکار ہیں۔ایک کروڑ نوکریوں کی بجائے حکومت نے 70لاکھ افراد کوبے روزگارکیا۔اوورسیزپاکستانیوں کے ساتھ جو سلوک موجودہ حکومت نے کیاماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ن لیگ اور پی پی کے اپنے مسائل ہیں حقیقی اپوزیشن صرف جماعت اسلامی ہے۔انہوں نے کہا کہ نام نہاد ریاست مدینہ میں مساجدکوشہید جبکہ مندروں کو تعمیر کیا جارہا ہے۔مسئلہ کشمیر کا حل خود دار حکومت کے قیام کے بغیر ممکن نہیں۔ایک ایسی حکومت جو بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرسکے ۔سینیٹر سراج الحق نے علاقے میں الخدمت فاﺅنڈیشن کے رضا کاروں کی طرف سے عوام کیلئے ریلیف کی سرگرمیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں شاباش دی ۔

جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سربلندخان نے کہا کہ مدینہ کی ریاست کی امید صرف جماعت اسلامی سے لگائی جاسکتی ہے ۔پی ٹی آئی کی مدینہ کی ریاست کی باتیں سب فراڈ اور دھوکہ تھا ۔پی ٹی آئی نے عوام کے دینی جذبات اور اسلام سے محبت کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے مدینہ کی ریاست کا نعرہ لگایا۔ میں ان لوگوں سے بھی جماعت اسلامی میں آنے کی اپیل کرتا ہوں جو مدینہ کی ریاست کے نعرے سے دھوکہ کھا کر پی ٹی آئی میں چلے گئے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی عوام کو کوئی ریلیف نہیں دے سکتی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here