ترک صدرطیب اردوان کا صدرعلوی اور وزیراعظم عمران خان کو ٹیلی فون،عید کی مبارکباد دی

0

اسلام آباد(اے ون نیوز) صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کو ترک صدر رجب طیب اردوان نے ٹیلی فون کرکے عید الاضحیٰ کی مبارکباد دی۔وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر نے ایک دوسرے کو عید الاضحی کی مبارکباد دی اور ایک دوسرے کے عوام کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے تاریخی عبادت گاہ آیا صوفیہ کو کھولنے پر ترک صدر کو مبارکباد دی۔وزیراعظم عمران خان نے ترک صدر کو بتایا کہ آیا صوفیہ میں نماز جمعہ کی ادائیگی کو لاکھوں پاکستانیوں نے ٹی وی پر لائیو دیکھا۔

وزیر اعظم عمران خان نے ترکی اور پاکستان کے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم اعادہ بھی کیا۔وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے خاتمہ کیلئے ترکی کے کردار کو سراہا، وزیر اعظم نے پاکستان اوردیگر ممالک کی کووڈ 19 کے خلاف ترکی کی امداد کو سراہا۔

اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم نے ترک صدر کو کورونا کے خلاف حکومت کےاقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ زندگی بچانے کے ساتھ معیشت اور روزمرہ امور کو چلانے کی پالیسی اختیار کیے ہوئے ہیں۔دونوں رہنماؤں نے ادویات کی مشترکہ تیاری کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جبکہ تمام باہمی معاملات پر رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

وزیر اعظم نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر پاکستانی مؤقف کی حمایت اور تعاون کو سراہا اور کہا کہ پاکستان اور ترکی کے اسٹریٹجک تعلقات باہمی اعتماد، تعاون پر قائم ہیں۔

ترک صدر کی عارف علوی کو کورونا وبا کے خاتمے پر ترکی کا دورہ کرنے کی دعوت
علاوہ ازیں ترک صدر رجب طیب اردوان نے صدر مملکت عارف علوی کو بھی ٹیلی فون کیا اور عیدالاضحیٰ کی مبارک باد دی۔صدر عارف علوی نے بھی ترک صدر اردوان کو عید کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

عارف علوی نے کہا کہ اس سال عید مشکل حالات میں منائی جا رہی ہے، دنیا کو چیلنجز درپیش ہیں، کورونا نے عالمی معیشت کو بری طرح سے متاثر کیا ہے۔صدر مملکت نے کورونا کے خلاف جنگ میں معاونت پر ترکی کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان اور ترکی میں کورونا کے کیسز کی تعداد میں کمی خوش آئند ہے۔

صدر عارف علوی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کی حالت زار پر روشنی ڈالی اور کہا کہ بھارتی مسلمان خوف اور امتیازی سلوک کے ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں۔صدر عارف علوی نے یو این جنرل اسمبلی میں صدر اردوان کے مقبوضہ کشمیر پر واضح مؤقف پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ امید ہے ترکی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیر قانونی اقدامات کے ایک سال مکمل ہونے پر اپنی اصولی آواز اٹھائے گا۔

صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ مشکل حالات میں بھی قابض حکومتیں فلسطین اور کشمیر میں ظلم جاری رکھے ہوئے ہیں۔اس موقع پر ترک صدر طیب اردوان نے عارف علوی کو کورونا وبا کے خاتمے پر ترکی کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ترکی کے ملکی مفادات پر مستقل حمایت اور ہر ممکن مددکی پالیسی جاری رکھے گا، صدر ڈاکٹر علوی نے ترک صدر اردوان کو آیا صوفیہ کو نماز کیلئے دوبارہ کھولنے پر مبارکباد دی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here