کورونا وائرس کے مزید 3 کیسزسامنے آگئے، تعداد 19 ہوگئی

0

کراچی (اے ون نیوز)سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 2 مریض سامنے آنے کے بعد کوئٹہ میں ایک اور کیس رپورٹ ہوگیا جس کے بعد اب ملک بھر میں مریضوں کی تعداد 19 ہوگئی۔سندھ میں مزید 2 افراد میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آگئے۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق ایک مریض کا تعلق حیدرآباد جبکہ دوسرا مریض کراچی کا رہائشی ہے۔

محکمہ صحت سندھ کی جانب سے متاثرہ مریضوں سے رابطے میں رہنے والے افراد کی تلاش جاری ہے، ان کے ٹیسٹ لئے جارہے ہیں اور سب کو قرنطینہ منتقل کیا جارہا ہے۔کراچی سے تعلق رکھنے والا کورونا وائرس کا مریض ایران سے دبئی کے ذریعے کراچی پہنچا ہے، جبکہ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے کورونا وائرس کے مریض نے شام سے براستہ دوحہ کراچی کا سفرکیا ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق اس خطرناک وائرس کے 14 مریض زیرِعلاج ہیں جبکہ ایک مریض مکمل طورپرصحتیاب ہوکر اسپتال سے فارغ ہوچکا ہے۔دریں اثنا کوئٹہ میں کورونا وائرس کا ایک اور کیس رپورٹ ہوگیا ترجمان بلوچستان حکومت نے اس کی تصدیق کردی اور کہا ہے کہ بچہ تھیلے سیمیا کا بھی مریض ہے جسے آئسو لیشن وارڈ منتقل کردیا ہے، متاثرہ بچہ 29 فروری کو خاندان کے ساتھ سے واپس آیا تھا۔

ایم ایس فاطمہ جناح اسپتال نے کہا ہے کہ یہ کیس ایک 12 سالہ بچے میں رپورٹ ہوا ہے بچہ کوئٹہ میں ہے تاہم اس کا آبائی تعلق سندھ کے شہر دادو سے ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روزکراچی میں چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 9 کیسز رپورٹ ہوئے تھے، ان میں سے 5 مریض شام سے کراچی آئے تھے جب کہ 3 مریض لندن سے دبئی کے راستے کراچی پہنچے تھے۔

دوسری جانب اسلام آباد میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی زیر صدارت کورونا وائرس سے متعلق صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایمرجنسی کور گروپ کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اورتمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔ تفتان بارڈر پر کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے لیے حکمت عملی بنائی گئی ہے۔ طورخم بارڈر پر اسکریننگ کا مربوط نظام موجود ہے۔ ملک کی 8 بڑی لیبارٹریز میں تشخیص کی سہولت دستیاب ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ صوبائی حکومت کی مدد سے ڈیٹا کے ذریعے نگرانی کی جارہی ہے۔ تمام صوبوں کے ساتھ ملکر قومی ایکشن پلان پر کام کر رہے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here