چوبیس گھنٹوں کے دوران 2 پولیس افسرکورونا سے شہید

0

لاہور(کرائم رپورٹر) کورونا وائرس تیزی سے پھیلنے لگا فرنٹ لائن پر اپنی ڈیوٹی سرانجام دینے والے پولیس اہلکار، پیرامیڈیکل سٹاف اور ڈاکٹرکورونا کا شکار ہونے لگے۔ چوبیس گھنٹوںکے دورن لاہور پولیس کے دوافسران کورونا کے باعث شہید ہوگئے۔ دونوں پولیس افسران اسپتال میں زیر علاج تھے۔

ترجمان لاہور پولیس کے مطابق ڈی ایس پی سی آئی اے سول لائنز عامر ڈوگراور سی آئی اے نواں کوٹ میں تعینات سب انسپکٹر خالد حسین کورونا وائرس کے باعث شہید ہوگئے۔ سی سی پی او لاہور ذوالفقارحمید کا کہنا ہے کہ کورونا کے خلاف جنگ میں لاہور پولیس کے فرزند فرض کی راہ میں شہید ہورہے ہیں ۔

گزشتہ روز ڈی ایس پی سی آئی اے سول لائنز عامر ڈوگر کورونا وائرس کے باعث شہید ہوگئے۔ عامر ڈوگر چند روز سے نجی ہسپتال میں زیرعلاج تھے۔ چالیس یوم قبل ان کے والد جبکہ چند روز قبل ان کی والدہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملی تھیں۔ رات گئے تھانہ نواں کوٹ میں تعینات سب انسپکٹر خالد حسین بھی کورونا کے باعث شہید ہوگئے۔ خالد حسین گرین ٹاؤن کا رہائشی تھا۔

ترجمان لاہور پولیس کے مطابق لاہور پولیس میں چار اہلکار کورونا وائرس کی وجہ سے مبتلا ہوکر اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ اس سے پہلے بھی لاہور پولیس میں تین اہلکار ہیڈ کانسٹیبل شمس ، ہیڈ کانسٹیبل رمضان عالم اور انسپکٹر راو جاوید فرض کی راہ میںشہید ہو گئے تھے ۔ عامر ڈوگر کی شہادت پر ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انعام وحید خان کا کہنا تھا کہ عامر ڈوگر نہایت ایماندار، پروفیشنل اور بہترین پولیس آفیسر تھے اور اسی قابلیت کی بناءپر عامر ڈوگر کو انچارج سی آئی اے سول لائنزتعینات کیا گیا تھا۔

اپنی تعیناتی میں شہید عامر ڈوگر نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے سنگین اور اہم نوعیت کے مقدمات کو ٹریس کرتے ہوئے ملزمان کو کفیر کردار تک پہنچایا۔ شہیدعامر ڈوگر کے سوگوران میں 1 بیٹا اور 2 بیٹیاں شامل ہیں۔ سی سی پی او لاہور ذوالفقارحمید کا کہنا تھا کہ لاہور پولیس میں اب تک 114 اہلکار و افسران کورونا کے باعث قرنطینہ ہوئے ہیں جبکہ 74 اہلکار اور افسران نے کورونا وائرس کو شکست دیتے ہوئے دوبارہ کمان سنبھال لی ہے۔

سی سی پی اولاہور ذوالفقار حمید کا کہنا تھا کہ تمام محکموں میں سب سے زیادہ لاہور پولیس متاثر ہوئی ہے۔ لاہور پولیس ہر قسم کے حالات کو پسے پشت ڈالتے ہوئے شہریوں کو سیکیورٹی اور سیفٹی کو یقینی بنائے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید عامر ڈوگر کی شہادت نے لاہور پولیس کے نام کو ایک مرتبہ پھر امر کر دیا۔ ہم اپنے جان و مال کی پرواہ کئے بغیر شہریوں کے تحفظ کیلئے کھڑے ہیں۔

دوسروں کی حفاظت کیلئے خود کو بھی محفوظ کرنا ہوگا۔ سربراہ لاہور پولیس نے کہا کہ لاہور پولیس کورونا وائرس میں فرنٹ لائن سولجر کا کردار ادا کر رہی ہے۔سی سی پی او کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے شہید ہونے والے افسران اور اہلکاروں کو جلد از جلد شہید پیکج دیے جانے کی آئی جی پنجاب سے سفارش کی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کورونا وباءایک حقیقت ہے جس کا سنجیدگی سے مظاہرہ کرنا ہو گا۔ شہری سختی سے ماسک اور گلوز کے استعمال کو یقینی بنائیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here