پاکستانتازہ ترین

شاعر مشرق اور عظیم مفکر ڈاکٹرعلامہ اقبال کا یوم پیدائش،مزاراقبال پرگارڈزکی تبدیلی کی تقریب

لاہور(اے ون نیوز) عظیم مفکر اور شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 145 واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے، مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔

9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں آنکھ کھولنے والے علامہ محمد اقبال نے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی شہر میں حاصل کی اور پھر لاہور کا رخ کیا، 1899 میں ایم اے کرنے کے بعد اورینٹل کالج میں شعبہ درس و تدریس سے وابستہ ہوگئے اور اس دوران شاعری بھی جاری رکھی۔

ڈاکٹر محمد اقبال نے 1910 میں جرمنی سے وطن واپسی کے بعد وکالت کے ساتھ سیاست میں بھی حصہ لینا شروع کیا اور اپنی شاعری کے ذریعے فکری اور سیاسی طور پر منتشر مسلمانوں کو خواب غفلت سے جگایا، 1934 کو مسلم لیگ کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کے رکن بنے تاہم طبیعت نے ان کا ساتھ نہ دیا اور وہ قیام پاکستان سے 9 برس قبل 21 اپریل 1938 کو لاہور میں اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔

شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ اقبال کی پیدائش کے موقع پر مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی جہاں پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے اعزازی گارڈز کی ذمہ داری سنبھا لی جبکہ مہمان خصوصی پاک بحریہ کے سٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور ساجد کی جانب سے مزاراقبال پر پھول بھی چڑھائے گئے۔

گورنر پنجاب بلیغ الرحمان اور میجر جنرل محمد شہباز خان گیریژن کمانڈر نے بھی مزار اقبال پر حاضری اور فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

دوسری جانب علامہ اقبال کے یومِ ولادت پر آج ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے آج کے دن وفاقی اور صوبائی ادارے بند رہیں گے جبکہ ملک کے تمام نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں، اسٹیٹ بینک سمیت دیگر وفاقی اور صوبائی محکموں میں بھی آج چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button