پاکستانتازہ ترینخیبر پختونخواہ

اورکزئی: کوئلے کی کان میں گیس دھماکا، 9 افراد جاں بحق

خیبرپختونخوا کے ضلع لوئر اورکزئی علاقہ ڈولی میں کوئلے کی کان میں گیس دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق ہوئے۔

 اورکزئی کے ڈپٹی کمشنر عدنان فرید اور ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) نذیر خان کے مطابق لوئر اورکزئی کے علاقے ڈاولی میں 13 افراد کوئلے کی کان میں کام کررہے تھے کہ اچانک کوئلے کی کان بیٹھ گئی، جس کے نتیجے میں 13 افراد دب گئے۔

 ان کا کہنا تھا کہ کوئلے کی کان میں کل 13 افراد کام کررہے تھے جن میں 4 افراد کو زندہ نکال لیا گیا اور اُنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ اس افسوس ناک واقعے کے نتیجے میں جاں بحق 9 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ ریسکیو آپریشن میں ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، ضلعی پولیس، محکمہ مائنز و منرل کے اہلکار اور عملے نے حصہ لیا۔ جاں بحق افراد کی لاشوں کو اُن کے اہل خانہ کے حوالے کیا گیا جبکہ کچھ افراد کی لاشیں اُن کے آبائی علاقوں کو روانہ کی گئیں۔

کمشنر کوہاٹ ڈویژن محمود اسلم وزیر نے بتایا کہ قبائلی ضلع اورکزئی میں کوئلے کی کان میں شہید اور زخمی ہونے والے مزدوروں کو درپیش حادثے پرگہرا رنج و غم ہے۔

انہوں نے زخمیوں کوفوری طور پر مؤثرطبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

مزید بتایا گیا کہ کمشنر کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنراورکزئی موقع کی بذات خود نگرانی کررہے ہیں، انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کوالرٹ جاری کردیا ہے۔

محمود اسلم وزیر نے واقعے کی فوری انکوائری کی ہدایت کی ہے جبکہ متعلقہ ٹھیکہ داروں کوسختی سے خبردار کیا ہے کہ وہ مزدوروں کو مروجہ جدید ترین اوزار اورآلات فراہم کریں، بے احتیاطی کے ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کوئلے کی کان میں 2500 فٹ کی گہرائی میں دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 9 کارکن موقع پر جاں بحق ہوئے جبکہ 4 زخمی ہوئے۔

کمشنر نے لواحقین کو یقین دلایا ہے کہ ان کو ہر سطح پر بھر پور تعاون فراہم کیا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button