اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

پیپلز پارٹی کے بانی و سابق وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کو 44 برس بیت گئے

کراچی(اے ون نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹوکی پھانسی کو 44 برس بیت گئے۔

پیپلزپارٹی کےبانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کی 44 ویں برسی کے موقع پر آج سندھ بھر میں عام تعطیل ہے،پاکستان کے متفقہ آئین کی تشکیل،ایٹمی پروگرام کی بنیاد اور سیاست کو خواص کے چنگل سے نکال کر عوام میں لانا ، مغربی استعمار کے خلاف اسلامی ملکوں کا اتحاد ، بھٹو کے وہ کارنامے ہیں جو اُنہیں زندہ رکھے ہوئے ہیں ۔

ذوالفقار علی بھٹو کو قتل کے ایک مقدمے میں 1979 میں آج ہی کے دن پھانسی دی گئی تھی۔ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اور 1973 کا آئین ذوالفقار علی بھٹو کی امانت ہیں، ذوالفقار علی بھٹو شہید کو دی گئی پھانسی کو تاریخ عدالتی قتل قرار دے چکی ہے،10 سال گزرنے کے باوجود سپریم کورٹ نے اب تک رائے نہیں دی۔

ذوالفقار علی بھٹو کی زندگی پر ایک نظر
ذوالفقار علی بھٹو نے کيلی فورنيا اور آکسفورڈ سے قانون کی تعليم حاصل کی، 1963 ميں وہ جنرل ایوب خان کی کابینہ میں وزير خارجہ بنے اور بعد میں سیاسی اختلافات پر حکومت سے الگ ہوگئے۔بعدازاں ترقی پسند دوستوں کے ساتھ مل کر انہوں نے 30 نومبر 1967 کو پاکستان پيپلز پارٹی کی بنیاد رکھی جو اپنے نظریات کی بدولت ملک کی مقبول ترین جماعت بنی۔

1970 کے الیکشن میں ذوالفقار علی بھٹو نے روٹی،کپڑا اور مکان کا نعرہ لگایا تاہم انتخابات میں کامیاب ہو کر جب انہوں نے اقتدار سنبھالا تو ملک دولخت ہو چکا تھا، جس کی وجہ سے وہ سویلین مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر اور پھر 1971 سے 1973 تک پاکستان کے صدر رہے جب کہ 1973 سے 1977 تک وہ منتخب وزيراعظم رہے۔ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو متفقہ آئین دیا، بھارت سے شملہ معاہدہ کر کے پائیدار امن کی بنیاد رکھی اور ہزاروں مربع میل رقبہ اور جنگی قیدیوں کو بھارت سے چھڑایا۔

بھٹو کے دور میں پسے ہوئے طبقات کے حقوق کے لیے کئی اقدامات کیےگئے تاہم مبینہ داخلی اور خارجی سازشوں کے نتیجے میں جنرل ضیاء الحق نے منتخب حکومت کا تختہ الٹا اور قتل کے الزام ميں مقدمہ چلا کر 4 اپریل 1979 کو انہیں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ذوالفقار علی بھٹو کے بعد ان کی سیاسی فکر کو ان کی بیٹی بینظیر بھٹو نے آگے بڑھایا اور ان کی شہادت کے بعد اب بلاول بھٹو زرداری اپنے نانا کے سیاسی مشن کو آگے بڑھانے کے لیے کوشاں ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button