استنبول(اے ون نیوز)استنبول میں دوپہر کے وقت ہونے والے خودکش دھماکے میں اب تک چھ افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ درجنوں افراد زخمی ہیں۔
سوشل میڈیا پر اب ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دھماکہ ایک خاتون نے کیا ہے،دھماکے سے پہلے خاتون کسی کو آخری سلام بھی کرتی نظر آ رہی ہے۔
یاد رہے کہ ترکیہ کے شہر استنبول میں تقسیم سکوائر کے قریب دھماکا ہوا جس سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 53 سے زائد زخمی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق خوفناک فوٹیج میں لاشیں زمین پر بکھری ہوئی دکھائی دیں، شہر کے وسط میں جب دھماکا ہوا تو سڑک خریداروں سے کھچا کھچ بھری ہوئی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ترکیہ کی استقلال سٹریٹ میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں، قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد افسوس ہے، بچوں سمیت واقعے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں، پاکستان ترکیہ کے عوام اور حکومت سے مکمل یک جہتی کا اظہار کرتا ہے، ہر طرح کی دہشت گردی قابل مذمت ہے۔
انہوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت، ورثا کیلئے صبر جمیل اور زخمی افراد کی جلد صحتیاب ہونے کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اِس گھڑی میں ترکیہ کی عوام کے ساتھ ہیں۔