نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے پوسٹرز پاکستان کیساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر میں بھی لگ گئے۔
کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے عوام اور حریت قیادت نے شہباز شریف اور نئی فوجی قیادت کو مبارکباد پیش کرنے کے لیے دیواروں پر پوسٹرز چسپاں کر دیئے ہیں،مختلف علاقوں میں چسپاں کردہ پوسٹرز پر وزیر اعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور چیئرمین جوائنٹس چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد کی تصاویر موجود ہیں۔
پوسٹرز “صدائے مظلوم جموں کشمیر “کی طرف سے چسپاں کیے گئے جن پر کشمیر بنے گا پاکستان، کشمیر کی آزادی کی ضمانت، مضبوط پاکستان کی ضرورت کے نعرے درج ہیں ,پوسٹرز کے ذریعے کشمیری عوام نے وزیر اعظم شہباز شریف، افواج پاکستان کے نومنتخب سربراہ جنرل عاصم منیر اور جنرل ساحر شمشاد کو مبارکباد دی اور پاک فوج کے دونوں سربراہوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔