آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں میر پور ڈویژن میں ضلع کونسل کی تمام 116 نشستوں کے غیر سرکاری نتائج آ گئے ہیں جن میں تحریک انصاف 56 سیٹیں لے کر پہلے نمبر پر ہے ، ن لیگ 26 سیٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے ،پیپلز پارٹی 19 سیٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے ۔جبکہ 15 نشستیں آزاد امیدواروں کے حصے میں آئی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق ضلع کونسل بھمبر کی 31 نشستوں کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف 11 ، آزاد امیدوار 10 ، ن لیگ 8 اور پیپلز پارٹی 2 نشستوں پر کامیاب ہوئی ہے ۔ضلع کونسل بھمبر میں کوئی بھی پارٹی آزاد امیدواروں کو ساتھ ملاکر ہی اپنا چیئرمین لا سکتی ہے۔ ضلع کونسل کوٹلی کی 58 نشستوں کے غیر سرکاری نتائج آ گئے ہیں جن میں سے تحریک انصاف نے 23 نشستیں جیتیں ہیں اور پہلے نمبر پر ہے جبکہ ن لیگ 15 اور پیپلز پارٹی نے بھی 15 نشستیں حاصل ہیں ، آزاد امیدوار چار سیٹیوں پر کامیاب ہوئے ہیں ۔اپوزیشن اتحاد ضلع کونسل کوٹلی میں اپنا چایئرمین لانے کی پوزیشن میں ہے ۔
ضلع کونسل میر پور کی کل 27 نشستوں میں سے 21 سیٹیں تحریک انصاف جیت کر پہلی پوزیشن پر ہے اور اپنا چیئرمین لانے کی پوزیشن میں آ گئی ہے جبکہ ن لیگ 3 اور پیپلز پارٹی صرف 2 سیٹیں ہی لینے میں کامیاب ہوئیں جبکہ ایک سیٹ آزاد امیدوار کے حصے میں آئی، ضلع کونسل میر پور میں بھی تحریک انصاف آرام سے اپنا چیئر مین منتخب کروا سکتی ہے ۔