Jannah Theme License is not validated, Go to the theme options page to validate the license, You need a single license for each domain name.
اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

عمران خان نے بدھ سے جیل بھرو تحریک کا اعلان کر دیا

لاہور (اے ون نیوز) تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے بدھ سے جیل بھرو تحریک کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق کارکنوں سے ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے لاہور پھر دوسرے بڑے شہروں میں جیل بھریں گے، قوم خوف کے بُت کو توڑ دے، یہ فرعون کی طرح ڈراتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ زمان پارک کے باہر کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، یہ ہمیں جیلوں میں ڈالنے کے لیے ڈراتے ہیں، جیل بھرو تحریک سارے پاکستان میں جائے گی۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ملک میں ظلم اور ناانصافیاں ہو رہی ہیں، آئین میں واضح ہے الیکشن 90 دن کے اندر ہونے ہیں، 91 دن کا مطلب نگران حکومت غیر آئینی ہو جائے گی، چیف الیکشن کمشنر کو آئین بارے پتا ہے، دونوں گورنر، چیف الیکشن کمشنر آئین پرعمل نہیں کر رہے، الیکشن کمیشن بے بسی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدالت آئین کے مطابق فیصلہ دے چکی ہے، عدالت کے فیصلے پرعملدرآمد نہیں ہو رہا، عدالتی فیصلے پر عمل نہ ہو تو مطلب قانون ختم اور اس سے زیادہ بربادی نہیں ہو سکتی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ زلزلہ، جنگوں سے نہیں ملک تب تباہ ہوتا ہے جب فیصلوں پر عملدرآمد نہ ہو، آج ہم ادھر کھڑے ہو گئے ہیں، ہم انتظار کر رہے ہیں 90 دن میں الیکشن کا شیڈول کب آئے گا، ہم کوئی پاگل تو نہیں تھے دو حکومتیں ختم کر دیں، انہوں نے لوگوں کے ضمیر خرید کر حکومت بنائیں، انہوں نے ہر چیز کی قیمتیں بڑھادی ہیں،عمران خان ہماری حکومت میں بھی آئی ایم ایف کا پریشرتھا لیکن قیمتیں نہیں بڑھائیں، انہوں نے آئی ایم ایف کے کندھے پر بندوق چلا کر لوگوں کی کمر توڑ دی ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ آج ملک کی ایکسپورٹ اور ٹیکس ریونیو نیچے آگیا ہے، یہ قرضے لے رہے ہیں لیکن ملکی دولت میں اضافہ نہیں کر رہے، انہوں نے آمدنی بڑھانے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے، انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی جینئس بھی آکر حالات ٹھیک نہیں کر سکتا۔

عمران خان نے کہا کہ سب سے اہم چیز رول آف لا ہوتا ہے، بیرون ملک پاکستانی ملک میں انویسٹ نہیں کر رہے، ملک میں آئین کی بڑی خلاف ورزی ہو رہی ہے، ہر ادارے کو دباؤ میں رکھا جا رہا ہے کہ الیکشن کو آگے کیا جائے، یہ الیکشن کے ذریعے نہیں آکشن کے ذریعے اقتدار میں آئے، یہ الیکشن میں شکست کے خوف سے ڈرے ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات کی طرح تاخیر کرتے جا رہے ہیں، پیپلز پارٹی کا کراچی میں کوئی ووٹ بینک نہیں ہے، کراچی میں پیپلز پارٹی نے دھاندلی کے ذریعے بلدیاتی انتخاب جیتا، ان کی پہلی کوشش ہے کہ الیکشن نہ ہو، یہ چاہتے ہیں ہمیں کمپین کا موقع نہ ملے، ہم ان کو الیکشن چوری نہیں کرنے دیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ ملتان میں الیکشن کمیشن آفس کے باہر پی ٹی آئی اور (ن) لیگ کے کارکنوں میں جھڑپ ہوئی، مسلم لیگ کے کارکنوں کو کچھ نہیں کہا گیا، پی ٹی آئی کارکنوں کے گھروں میں رات کو چھاپے مارے گئے، نگران حکومت کا مطلب غیر جانبدار حکومت ہوتی ہے، ہمارے بدترین مخالف کو نگران وزیراعلیٰ بنایا گیا، یہ آصف زرداری کا بغل بچہ ہے اس کو اوپر لا کر بٹھا دیا ہے، 25 مئی کو ظلم کرنے والے 16 افسران کو دوبارہ لگا دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ علی ساہی چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے داماد ہیں، علی ساہی پر پہلے تشدد کیا اب اسے نیب میں بلایا جا رہا ہے، عثمان ڈار کے قریبی ساتھی کو مارا گیا، عثمان ڈار کے ساتھی پر تشدد کر کے اس سے دستخط کرائے گئے، پنجاب کے ایم پی اے کو ڈرانے کے لیے اعظم سواتی کی ویڈیو دکھائی گئی، اعظم سواتی پر تشدد کے دوران کہا گیا عمران کو بتاؤ ایسا کریں گے، شہباز گل سے کہہ رہے تھے میرے خلاف بیان دو، یہ چاہتے ہیں ہم کرپٹ لوگوں کو مان جائیں۔

عمران خان نے کہا کہ سابق وزیراعظم ہوں میرے اوپر حملہ کیا گیا، جنہوں نے حملہ کیا سارے اقتدار میں بیٹھے تھے، ڈرٹی ہیری، شہباز شریف، رانا ثنا اللہ ملوث تھے، ہمیں تو اندر سے حملے کی خبریں آ رہی تھیں، انہوں نے ایک دم کہہ دیا حملہ کرنے والا ایک شوٹر تھا، پنجاب کی جےآئی ٹی رپورٹ کے مطابق 3 شوٹر تھے، ڈی پی او گجرات، سی ٹی ڈی اہلکاروں نے فرانزک کے لیے اپنے فون نہیں دیئے، جے آئی ٹی اہلکاروں نے بیان بدلے، سوچیں پیچھے کتنا طاقت ور شخص ہو گا، جے آئی ٹی اہلکار کس کی بات سن رہے تھے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ نگران حکومت کا کام صرف الیکشن کرانا ہے، جےآئی ٹی کا ریکارڈ سیز کر دیا گیا، اینٹی کرپشن میں شہباز شریف کے آدمی کو بٹھا دیا گیا جس نے ریکارڈ ہی نہیں دیا، دو افسران اینٹی کرپشن میں ریکارڈ لینے گئے تو پتا چلا سارا ریکارڈ غائب ہے صرف 11 صفحے رہ گئے ہیں، نگران حکومت نے جے آئی ٹی کی رپورٹ کو ثبوتاژ کر دیا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button