روم (اے ون نیوز) یورپی ملک اٹلی میں ماہرین آثار قدیمہ نے حال ہی میں ایک قدیم ہال دریافت کیا ہے جہاں تقریباً دو ہزار سال قبل ایک شہنشاہ اور فوجی ’پارٹی‘ کیا کرتے تھے۔ اس بڑے ہال کو اورینٹل یونیورسٹی آف نیپلز کے محققین نے دریافت کیا ہے ۔ یہ پہلی صدی قبل مسیح میں رہنے والے ایک رومن نائٹ اور سیاست دان Vedio Pollione کے سمندر کنارے گھر میں واقع تھا۔
یونیورسٹی کی فیس بک پوسٹ کے مطابق ‘پوسیلیپو میں ایک چٹان پر واقع یہ ولا اپنی پارٹیوں کے لیے مشہور تھا جس میں شہنشاہ آگسٹس (پہلا رومی شہنشاہ) بھی شریک ہوا تھا۔ ‘
نیویارک پوسٹ کے مطابق ماہرین آثار قدیمہ نے کہا کہ ہال کو سیاہ اور سفید موزیک سے بنے قالین سے سجایا گیا تھا۔ کھدائی کرنے والے ماہر مارکو گیگلیو نے کہا، ‘ تعمیر کے انداز کی بنیاد پر کہا جاسکتا ہے کہ یہ ہال آخری ریپبلکن دور یا آگسٹن کا ہو سکتا ہے’۔
ٹیم نے بتایا کہ رہائش گاہ کے اوپری حمام اور اس کی چھت کی چھان بین کرتے ہوئے ہال کے بارے میں انکشاف ہوا کہ یہ دوسری جنگ عظیم کے دوران ہتھیاروں کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔ اس پراپرٹی میں پتھریلی زمین پر دو ہزار نشستوں والا یونانی طرز کا تھیٹر تھا جس سے سمندر کا نظارہ دیکھا جاسکتا ہے، اس کے علاوہ ایک عمارت ہے جو موسیقی کی پرفارمنس کے لیے استعمال ہوتی ہے۔