Jannah Theme License is not validated, Go to the theme options page to validate the license, You need a single license for each domain name.
اہم خبریںپاکستانپنجابتازہ ترین

میری حکومت ضرور آئےگی پھر انہیں نہیں چھوڑونگا، عمران خان

لاہور(اے ون نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے جیل بھرو تحریک کے حوالے سے کارکنان کے نام خصوصی پیغام جاری کیا ۔

اپنے ویڈیو پیغام میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا سارے پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں اپنی حقیقی آزادی کیلئے ہماری جیل بھرو تحریک میں شامل ہوں، یہ تحریک وہاں لےکر جائے گی جہاں ایک آزاد اور خوشحال پاکستان بنے گا۔ آزادی و خوشحالی تب ممکن ہے جب ریاست آپ کے بنیادی حقوق کی حفاظت کرےگی، جیل بھرو تحر یک کا مقصد ایک جہاد ہے، جتنی تعداد میں آپ اس میں شرکت کریں گے اتنی ہی جلدی ہم اپنے مقصد کو پہنچ جائیں گے۔

بعدازاں ویڈیو لنک خطاب میں عمران خان نے کہا شہبا ز شریف کی تقریر سنی جس میں انہوں نے لوگوں سے پھر کہا ہے مزید مہنگائی کےلئے تیار ہو جائیں کیونکہ آئی ایم ایف سے معاہدہ کرنا ہے، عمران خان نے مزید کہاگاڑیوں میں کمی اور زمینیں بیچنے سے کچھ نہیں ہو گا ،اگر یہ لوگوں کےلئے کچھ کرنا چاہتے ہیں تو باہر رکھا ہوا چوری کا پیسہ واپس لے آئیں، میری حکومت ضرور آئےگی پھر میں ان کو نہیں چھوڑوں گا، انہیں لگتا ہے جو جج ان کےخلاف فیصلہ کرےگا اس کے پیچھے لگ جاتے ہیں، جو بھی آج ایکشن کررہا ہے اسے میں نہیں چھوڑوں گا، 90 دن کے بعد نگراں حکومت نہیں رہ سکتی، ہمارے دور میں نیب نے 480 ارب ریکور کیے۔

جیل بھرو تحریک کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا یہ 10اپریل سے جاری پاکستان کی حقیقی آزادی کی جنگ کا تسلسل ہے۔ میں شہباز شریف سے کہنا چاہتا ہوں یہ سوشل میڈیا کا زمانہ ہے، آپ نے لوگوں سے جو وعدے کیے وہ لوگ ایک منٹ میں نکال کر سامنے لے آتے ہیں، صرف جا کر نکال لیں جب ہماری حکومت تھی تو آپ نے کس قسم کی تقریریں کی تھیں کہ مہنگائی بڑھ گئی ہے، پیٹرول مہنگا ہو گیا ہے تو اسلام آباد کی طرف مارچ کرو، اس حکومت کو گرا دو، کیا آپ کو یاد ہے، اگر آپ کو یاد نہیں تو سوشل میڈیا پر آپ کی ساری تقریریں لے آئیں گے۔

آپ نے حکومت گرائی، آپ اس سازش کا حصہ تھے، آپ ، آصف زرداری ، تیسرا آدمی، لندن میں جو آپ کا بھائی اور سابق آرمی چیف نے مل کر یہ کام کیا اور بیرونی طاقتوں کو یہ کہہ کر شامل کر لیا کہ عمران خان آپ کےخلاف ہے، آپ نے وعدہ کیا ملک ٹھیک ہو جائےگا، ایک دم خوشحالی آئےگی، 10 مہینے میں جو اس پاکستان کےساتھ جو ہوا ہے وہ دشمن بھی نہ کرے، ان 10 مہینوں کے دوران 50 سال کی سب سے زیادہ مہنگائی ہوئی ہے، جب ہم گئے تھے تو مہنگائی 12 سے ساڑ ھے 12 فیصد تھی، آج مہنگائی تین گنا زیادہ ہے۔عمران خان نے کہا ہم بھی اڑھائی سال آئی ایم ایف پروگرام میں تھے، اس پر پوری دنیا میں کورونا کی وبا آئی تھی جس سے سپلائی لائن متاثر ہوئی تھی اور ساری دنیا میں مہنگائی آئی تھی، تیل اور توانائی کی قیمتیں خاص طور پر اوپر چلی گئی تھیں، ہمارے دور میں تیل کی قیمت 110 سے 115ڈالر فی بیرل تک گئی تھی ، آج وہ 75 سے 85 ڈالر ہے، تو مہنگائی کی اصل وجہ تو تیل تھی لیکن اب تو تیل کی قیمت کم ہو گئی ہے۔

عمران خان نے سوال کیا کیا وجہ ہے ڈالر گرکر 100روپے مہنگا ہوگیاہے اور ا ب آپ کہہ رہے ہیں آئی ایم ایف سے معاہدہ کرنا ہے تو لوگ مزید مہنگائی کےلئے تیار ہو جائیں۔ پہلے تو آپ نے غیر قانونی چیزیں کیں لیکن اس بار آپ نہیں بچیں گے، لوگوں سے قربانیاں لے رہے ہیں خود بھی کچھ کریں، ہمارے سامنے مگر مچھ کے آنسو نہ بہائیں، قوم اب بیوقوف نہیں بنے گی لوگ سڑکوں پر آنے کےلئے تیار ہیں۔ ملک سے بھاگا ہوا بھگوڑا باہر بیٹھ کر ملک کے فیصلے کررہا ہے، قبل ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا حقیقی آزادی کیلئے آج ہم دو بنیادی محرکات اور اہدا ف کے تحت جیل بھرو تحریک کا آغاز کر رہے ہیں۔

ہمیں جعلی ایف آئی آرز، نیب کے مقدموں، زیر حراست تشدد اور میڈیا و سوشل میڈیا سے وابستہ افراد پر حملوں کا سامنا ہے، یہ تحریک آئین کے تحت میسر بنیادی حقوق پر یلغار کیخلاف ایک پرامن اور غیر متشدد احتجاج ہے۔ ہماری تحریک غریب اور متوسط طبقے کو بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بیروزگاری کے بوجھ تلے کچلنے والے مجرموں کے اس ٹولے کیخلاف ہے جنہوں نے قوم کو بدترین معاشی تباہی کے سپرد کر دیا۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button