لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ ڈٹ گیا، لاہور میں دو میچز کے بعد لیگ کے بقیہ میچ کراچی میں ہوں گے، لاہوراور راولپنڈی میں میچز کے معاملے کا حل وزیراعظم کی مداخلت سے مشروط ہوگیا ۔
ذرائع کے مطابق لاہور اور راولپنڈی میں میچز کے انعقاد کے معاملے پر ڈیڈ لاک برقرار ہے، پی سی بی بورڈ حکام نے معاملے پر بورڈ کے پیٹرن سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی سی بی کا بورڈ پیٹرن جلد وزیراعظم سے رابطہ کرکے معاملات سے آگاہ کرے گا۔
پی سی بی اخراجات کی مد میں مزید رقم کی ادائیگی نہ کرنے کے موقف پر قائم ہے۔جس کے باعث دو میچز کے بعد لاہور میں لیگ کے بقیہ میچز کراچی منتقل ہوسکتے ہیں۔جبکہ پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ لاہور میں ہونے والے میچز کی سکیورٹی حکومت کی ذمہ داری ہے اور اسے ہی پورا کرنا ہے۔ وزیر اعظم کے نوٹس لینے پر ہی پنجاب میں میچز یقینی ہوسکتے ہیں۔جبکہ پنجاب کابینہ کے اجلاس میں پاکستان سپر لیگ کے میچز کے حوالے سے صوبائی وزراءڈٹ گئے، کابینہ نے لاہور، راولپنڈی میں شیڈول میچز کے سارے اخراجات نہ اٹھانے کا فیصلہ کرلیا۔
صوبائی کابینہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ 50 فیصد اخراجات خود اٹھائے، پنجاب حکومت 25 کروڑ اور بقیہ 25 کروڑ پی سی بی ادا کرے۔کابینہ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ پی سی بی اربوں روپے منافع کماتی ہے، انتظامی اخراجات برداشت کرنے چاہئیں، پنجاب کابینہ کے چند افراد پی سی بی حکام سے ملاقات کر کے فیصلے سے آگاہ کریں گے۔