ڈیرہ اسماعیل خان، دہشتگردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ، 3 جوان شہید، 3 دہشتگرد بھی ہلاک
ڈی آئی خان(اے ون نیوز) خیبرپختونخوا کے علاقے کھوٹی میں دہشت گردوں نے چیک پوسٹ پر حملہ کر کے 3 جوانوں شہید کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کھوٹی میں دہشت گردوں نے چیک پوسٹ پر حملہ کر کے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا، پاک فوج کے جوانوں نے حملے کا بھرپور جواب دیا، فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حولدار محمد اظہر اقبال اور نائیک محمد اسد اور سپاہی محمد عیسیٰ نے جام شہادت نوش کیا، حملے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کرنے والے دہشتگردوں کو سگو کے علاقے میں روک کر ہلاک کیا، ان سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر کے تحویل میں لے لیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے اپنے بیان میں کہا کہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر کے ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا، ہمارے جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، پاک فوج دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔
لودھراں سے تعلق رکھنے والے حوالدار محمد اظہر نے سوگواران میں 4 بیٹے اور 1 بیٹی چھوڑی، نائیک محمد اسد کا تعلق خانیوال سے ہے انہوں نے بیوی اور 1 بیٹا سوگواران میں چھوڑا جبکہ جنوبی وزیرستان کے سپاہی محمد عیسیٰ نے سوگواران میں والدین ، 2 بہنیں اور 3 بھائی چھوڑے ہیں۔