Jannah Theme License is not validated, Go to the theme options page to validate the license, You need a single license for each domain name.
اہم خبریںپاکستانتازہ ترینسندھ

کراچی میں راشن کی تقسیم کے دوران بھگدڑ،11خواتین ،بچے جاں بحق،دلخراش ویڈیو دیکھیں

کراچی (اے ون نیوز) کراچی کے علاقے سائٹ ایریا کی ایک فیکٹری میں راشن اور زکوة کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے 3 بچوں اور خواتین سمیت 11 افراد جاں بحق جبکہ متعدد خواتین بے ہوش ہو گئیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق بھگدڑ مچنے سے جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پرپہنچ گئی ہے۔

بڑی تعداد میں افراد آنے سے فیکٹری انتظامیہ نے پولیس کو طلب کیا، ایس ایس پی کیماڑی نے کہا ہے کہ صورتحال کنٹرول کر لی گئی ہے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق نورس چورنگی سائٹ ایریا میں قائم فیکٹری میں راشن تقسیم کیا جا رہا تھا، راشن کی تقسیم کے دوران خواتین سمیت لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

سائٹ ایریا سیمنز چورنگی پر فیکٹری کا مالک عبدالخالق نامی شخص بغیر پولیس کو اطلاع دیئے راشن تقسیم کر رہا تھا، تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے پانی کا پائپ ٹوٹ گیا جس کی وجہ سے پورے پلانٹ میں پانی بھر گیا۔


ہسپتال ذرائع
ہسپتال ذرائع کے مطابق متعدد زخمیوں کی حالت نازک ہے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، ہسپتال انتظامیہ کے مطابق سائٹ ایریا میں بھگدڑ مچنے اور نالے میں گرنے سے 8 لاشیں عباسی شہید ہسپتال لائی گئیں، اب تک 4 زخمی بھی ہسپتال لائے گئے ہیں۔

ایس ایس پی کیماڑی
ایس ایس پی کیماڑی فداحسین جانوری کے مطابق فیکٹری انتظامیہ نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو آگاہ نہیں کیا تھا، راشن اور زکوة کی تقسیم کے حوالے سے کوئی اطلاع پولیس کو نہیں دی گئی، پولیس نے موقع پر پہنچ کر فیکٹری منیجر سمیت 3 افراد کو حراست میں لے لیا۔

فدا حسین جانوری نے بتایا کہ حراست میں لیے گئے افراد کا تعلق فیکٹری انتظامیہ سے ہے، انتظامیہ کے مزید افراد کو بھی جلد حراست میں لے لیا جائے گا، واقعہ کی انکوائری ایس پی سائٹ مغیز ہاشمی کو دے دی گئی، انکوائری مکمل ہونے کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

وزیر خارجہ
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں بھگدڑ حادثہ کا نوٹس لے لیا، بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ سے رابطہ کر کے معاملے کی فوری تحقیقات کی ہدایت کر دی، انہوں نے کہا کہ فیکٹری میں پیش آنے والے حادثے میں قیمتی جانوں کا ضیاع باعث صدمہ ہے، مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے، واقعے میں زخمی ہونے والوں کے لیے بہتر علاج معالجے کو یقینی بنایا جائے، بلاول بھٹو نے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سیمنز چورنگی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سے رپورٹ طلب کر لی، انہوں نے کہا کہ راشن کی تقسیم اور فلاحی کاموں کیلئے انتظامیہ کو باقاعدہ اطلاع دینی چاہئے، 11 افراد کے جاں بحق ہونے کی رپورٹ انتہائی تکلیف دہ ہے، انہوں نے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور زخمیوں کے بہتر علاج معالجہ کی ہدایت کی۔

چیف سیکرٹری سندھ
چیف سیکرٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے نجی کمپنی میں راشن تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا، انہوں نے کہا کہ ذمہ داروں کا تعین کیا جائے، جہاں بھی غفلت سامنے آئی ایکشن لیا جائے گا، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر کے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں، چیف سیکرٹری سندھ نے انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

گورنر سندھ
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے راشن کی تقسیم میں بھگدڑ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی، انہوں نے واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کو ہسپتال میں علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button