بنگلورو (اے ون نیوز)بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک ہی میدان میں تین ہزار رنز سکور کرنے کا منفرد ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ انہوں نے یہ ریکارڈ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے میچ کے دوران بنایا، انہوں نے کولکتہ نائٹ رائڈرز کے خلاف 54 رنز بنائے جس کے بعد ان کے چنا سوامی سٹیڈیم میں رنز کی تعداد 3015 ہوگئی۔ انہوں نے یہ کارنامہ 92 اننگز میں سرانجام دیا ہے۔
فہرست میں ان کے بعد بنگلہ دیش کے سابق کپتان مشفق الرحیم اور محمود اللہ بھی شامل ہیں۔ میرپور کے شیر بنگلہ سٹیڈیم میں مشفق الرحیم نے 121 اننگز میں 2989 رنز بنائے ہیں وہیں محمود اللہ نے اسی مقام پر 130 اننگز میں 2813 رنز بنائے ہیں۔
انگلینڈ کے ایلکس ہیلز اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں جنہوں نے ناٹنگھم کے ٹرینٹ برج میں 90 ٹی ٹوئنٹی اننگز میں 2749 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کے ایک اور سابق کپتان تمیم اقبال میرپور میں 2706 رنز بنا کر ٹاپ فائیو میں شامل ہیں۔