لاہور(اے ون نیوز) استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین کے بھائی اور کرکٹ فرنچائز ملتان سلطانز کے مالک عالمگیر ترین کی موت کے بعد مزید تفصیلات سامنے آگئیں۔
ذرائع کے مطابق رات کو عالمگیر ترین معمول کے مطابق اپنے بیڈروم میں سوئے، وہ صبح 10 بجے تک نہ اٹھے تو ملازم نے آکر دروازہ کھٹکھٹایا، دروازہ نہ کھلنے پر ملازم نے کھڑکی سے دیکھا تو عالمگیر ترین کو خون میں لت پت پایا۔
ذرائع کےمطابق واقعے کے بعد ملازم نے فوری طورپرجہانگیرترین کو اس بارے میں اطلاع دی جس کے بعد جہانگیر ترین فوری طور پر پہنچ گئے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ ڈاکٹرز نے بھی چیک کیا تو پتا چلا کہ گولی سر میں ماری گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق بتایا جارہا ہےکہ عالمگیر ترین نے ایک نوٹ چھوڑا ہے جس میں انہوں نے بتایاکہ میں بیمار ہونےکی وجہ سےخودکشی کررہا ہوں۔
ذرائع کے مطابق عالمگیر ترین کے قریبی دوستوں کا کہنا ہےکہ ہم نے بظاہر ان میں کوئی بیماری نہیں دیکھی۔
عالمگیر ترین نےگورنمنٹ کالج اوربیرون ملک سےتعلیم حاصل کی تھی، ان کی شادی نہیں ہوئی تھی، منگنی ہوئی تھی اور دسمبر میں شادی طے تھی۔