اسلام آباد(اے ون نیوز)توشہ خانہ کیس کی سماعت کے دوران ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ہمایوں دلاور نے وکیل الیکشن کمیشن سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ بہت ہی خطرناک انداز ہے آپ کا دیکھنے کا۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق دوران جرح خواجہ حارث نے گواہ سے سوال کیا کہ آپ کو الیکشن کمیشن کے چیئرمین پی ٹی آئی کو جاری نوٹس کا معلوم ہے؟گواہ وقاص ملک نے کہاکہ چیئرمین پی ٹی آئی نے جواب دائر کیا، نوٹس ضرور جاری ہوئے ہوں گے، الیکشن کمیشن کے فیصلے، میری شکایت میں بھی چیئرمین پی ٹی آئی کو جاری نوٹس تحریر ہے،ریکارڈ دیکھ کر بتاتا ہوں،وکیل خواجہ حارث نے کہاکہ ریکارڈ دیکھیے گا، امجد پرویز کو نہ دیکھیے گا۔
جج ہمایوں دلاور نے وکیل الیکشن کمیشن سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ بہت ہی خطرناک انداز ہے آپ کا دیکھنے کا۔
خواجہ حارث نے امجد پرویز کی دوران جرح مداخلت پر بار بار اعتراض کرتے ہوئے کہاکہ وکیل صفائی کو تنگ نہ کریں، بار بار اٹھ کر نہ بولیں،وکیل چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے کسی سیاسی جماعت کو کہا کہ ثبوت اور شہادت پیش کریں؟ گواہ وقاص ملک نے کہاکہ توشہ خانہ کیس پر الیکشن کمیشن میں سماعتوں کا مجھے کچھ علم نہیں ، وکیل خواجہ حارث نے سوال نے کہا کہ توشہ خانہ کا ریکارڈ الیکشن کمیشن نے کب منگوایا، گواہ نے کہاکہ 14اکتوبر 2022کو توشہ خانہ ریکارڈ الیکشن کمیشن نے منگوایا۔