Jannah Theme License is not validated, Go to the theme options page to validate the license, You need a single license for each domain name.
اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

شاہ است حسین ، پادشاہ است حسین..دیں است حسین ، دین پناہ است حسین،یوم عاشور آج

لاہور، کراچی،کوئٹہ،پشاور،اسلام آباد (اے ون نیوز)شاہ است حسین ، پادشاہ است حسین..دیں است حسین ، دین پناہ است حسین، یوم عاشور آج 10 محرم الحرام کو مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے رفقا کی اسلام کی سربلندی اور حق وصداقت کے لئے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں مجالس اور ماتمی جلوس اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہیں.

یوم عاشور پر ملک بھر میں مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے جس میں علمائے کرام اور ذاکرین حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی تعلیمات اور سانحہ کربلا کے مختلف پہلوؤں سے عزاداروں کو آگاہ کر رہے ہیں۔

10 محرم کا مرکزی جلوس لاہور کی نثار حویلی سے برآمد ہوا، جلوس میں ہزاروں عزادار شریک ہیں، حضرت امام حسینؓ کے بیٹے حضرت علی اکبرؓ کی آخری اذان کا تذکرہ اور نبیؐ کے گھرانے پر مظالم کے غم میں زنجیروں کا ماتم ہوا۔لاہور سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس مغرب کے بعد گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

مرکزی جلوس کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جلوس کے روٹ کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کئے گئے ہیں، مرکزی جلوس کی 395 سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، مرکزی جلوس کی مانیٹرنگ کیلئے3 آپریشن روم قائم کئے گئے ہیں۔

جلوس کی سکیورٹی پر 11 ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں، مرکزی جلوس کے داخلی راستے پر پانچ مقامات پر تلاشی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

کراچی میں عاشورہ کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگیا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔نشتر پارک میں یومِ عاشور کی مجلس ہوئی جس سے علامہ سید شہنشاہ نقوی نے خطاب کیا جس کے بعد مرکزی جلوس برآمد ہوا۔

مرکزی جلوس میں عزاداروں کی جانب سے غم حسین میں نوحہ خوانی اور ماتم کا سلسلہ جاری ہے، جلوس کے راستوں میں پانی اور دودھ کی سبیلیں لگائی گئی ہیں، جبکہ نیاز و تبرک بھی تقسیم کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔

حیدرآباد، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، پشاور اور کوئٹہ میں بھی مرکزی جلوس برآمد ہوں گے۔جلوسوں کے اختتام پر مجالس شام غریباں منعقد ہوں گی، جن میں امام عالی مقامؓ، ان کے عزیزوں اور ساتھیوں کی شہادت کے بعد نبیؐ کے گھرانے کی خواتین پر مظالم بیان ہوں گے۔

کوئٹہ میں دسویں محرم الحرام کا جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہوگیا جو نماز مغرب پر دوبارہ علمدار روڈ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔جلوس کیلئے شہر میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں جس کیلئے پولیس اور ایف سی کے 8 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ہیں، جلوس کی کیمروں سے اور فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے، شہر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی اور موبائل فون سروس بند ہے۔

بہاولپور میں مرکزی جلوس امام بارگاہ شیعہ جامع محلہ چاہ فتح خان سے برآمد ہوا ہے۔بہاولپور میں یومِ عاشور کے موقع پر 112 جلوس برآمد ہوں گے اور 32 مجالس عزا ہوں گی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button