اسلام آباد(اے ون نیوز)وزارت اطلاعات اور وفاقی حکومت کی جانب سے گزشتہ 17 مہینوں میں میڈیا کو 9 ارب 61 کروڑ روپے سے زائد کے اشتہار دیئے گئے ہیں۔
موصول سرکاری رپورٹ کے مطابق میڈیا کو وزات اطلاعات و نشریات سے 6 ارب 13 کروڑ جبکہ وفاقی حکومت اوران کے ماتحت اداروں کی جانب سے 3 ارب 47 کروڑ روپے کے اشتہارات دیئے گئے۔
الیکٹرانک میڈیا کو مجموعی طور پر 4 ارب 79 کروڑ سے زائد کے اشتہار ملے، جس میں وزات اطلاعات سے 3 ارب 71 کروڑ جبکہ وفاقی حکومت اوران کے ماتحت اداروں کی جانب سے 1 ارب سے زائد کے اشتہارات شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پرنٹ میڈیا کو مجموعی طور پر پر 3 ارب 50 کروڑ سے زائد کے اشتہار ملے، جس میں وزات اطلاعات کی جانب سے 1 ارب 21 کروڑ جبکہ وفاقی حکومت اوران کے ماتحت اداروں کی جانب سے 2 ارب 28 کروڑ کے اشتہارات شامل ہیں۔
ڈیجیٹل میڈیا کومجموعی طور پر 1 ارب 23 کروڑ سے زائد کے اشتہار ملے، جس میں وزات اطلاعات سے 1 ارب 13 کروڑ جبکہ وفاقی حکومت اوران کے ماتحت اداروں کی جانب سے 10 کروڑ سے زائد کے اشتہارات شامل ہیں۔
بل بورڈز کے اشتہارات کے لیے مجموعی 73 کروڑ کے اشتہارات صرف وزات اطلاعات و نشریات کی جانب سے ادائیگی ہوئی ہیں۔