نئی دہلی(اے ون نیوز)بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں بھارتی بیٹر سوریا کمار یادیو نے کیمرون گرین کے اوور میں لگاتار چار چھکے جڑ دیے.
بھارت نے دوسرے ون ڈے میں آسٹریلیا کو شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 0-2سے جیتی، اتوار کو کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں بھارتی بلے بازوں نے آسٹریلیا کو 400رنز کا بڑا ہدف دیا،میچ بارش سے متاثر ہوا جس کے باعث آسٹریلیا کو 33اوورز میں 317رنز کا ہدف ملا جس کے تعاقب میں کینگروز 217رنز پر ڈھیر ہوگئے۔
تاہم کیمرون گرین کے اوور میں سوریا کمار نے اپنا بلا جو گھمایا تو کوئی انہیں روک نہ سکا،43 ویں اوور میں سوریا نے یکے بعد دیگرے 4 چھکے لگاکر بھارتی شائقین کو خوب محظوظ کیا،بلے باز نے 37گیندوں پر 72رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، اس کے علاوہ شریاس ائیر نے 90گیندوں پر 105جب کہ شبمن گل نے 97گیندوں پر 104رنز سکور کیے۔