پشاور دھماکے کے 27 شہداء کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی
پشاورمیں پولیس لائنز کی مسجد میں نماز ظہر کے دوران خودکش دھماکے کے 27 شہداء کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
شہداء کی نماز جنازہ میں کورکمانڈر پشاور،آئی جی پولیس، کمانڈنٹ ایف سی نے شرکت کی، اس موقع پر پولیس کے دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور میں پولیس لائنز کی مسجد میں نماز ظہر کے دوران خودکش دھماکے میں امام مسجد اور پولیس اہلکاروں سمیت شہید ہونے والوں کی تعداد 59 ہوگئی جب کہ 140 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
دھماکے میں شہید 8پولیس اہلکاروں کا تعلق چارسدہ سےتھا۔ ڈی ایس پی، ایف آر پی عرب نواز بھی شہدا کی فہرست میں شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق پشاور دھماکے کے متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، دھماکے سے مسجد کی دومنزلہ عمارت گرگئی تھی۔
سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور نمازیوں کی پہلی صف میں موجود تھا، مسجد کے ملبے تلے سے تین افراد کو نکال لیا گيا ،اب بھی متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے، بھاری مشینری سے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔