لاہور(اے ون نیوز) سوشل میڈیا پرکسی کتاب کے ایک صفحے کی تصویر پوسٹ کی گئی ہے جس پر تحریر میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کی کرپشن کے متعلق بتایا گیا ہے۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق یہ تصویر شیئر کرنے والی خاتون صارف نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ تصویریورپی ملک نیدرلینڈز کے سکولوں میں پڑھائی جانے والی ایک نصابی کتاب کی ہے۔
خاتون صارف کی طرف سے پوسٹ کی گئی یہ تصویر تیزی سے وائرل ہوئی اور پیپلزپارٹی کے مخالفین نے اس پر آصف علی زرداری کے لتے لینے شروع کر دیئے تاہم نجی ٹی وی چینل کے اس حوالے کی جانچ پڑتال کے لیے نیدرلینڈز کی وزارت تعلیم و ثقافت و سائنس سے رابطہ کیا تو معاملہ کچھ اور ہی نکلا۔
نیدرلینڈز کی وزارت کی طرف سے جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصویر دراصل ایک پرانی نصابی کتاب کی ہے۔ اس کتاب میں سابق پاکستانی صدر کے متعلق ایک خبر شامل گئی تھی اور یہ تصویر اسی خبر کے حامل صفحے کی ہے۔ وزارت کے ترجمان کی طرف سے بتایا گیا کہ نیدرلینڈز میں دنیا بھر کی خبروں کو اس طرح نصاب میں پڑھایا جانا معمول کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے علاوہ دیگر تمام ممالک کی خبروں پر بھی نیدرلینڈز کے کلاس رومز میں بات کی جاتی ہے اور یہ ایک عام بات ہے، خاص طور پر شہریت اور سماجی علوم جیسے مضامین میں۔ یہ کتاب بھی سماجی علوم سے متعلق تھی۔ترجمان نے یہ وضاحت بھی کی کہ نیدرلینڈز میں کتابوں کے مواد کی ذمہ دار حکومت نہیں بلکہ سکولوں کی کتابوں کے پبلشرز ہوتے ہیں۔