لاہور ( اے ون نیوز )سپین میں چوہدری خاندان کے اثاثوں کی تفصیل نیب لاہور کو موصول ہوگئیں قومی احتساب بیورو کے خط پر سپین کے حکام نے چوہدری خاندان کی جائیدادوں کی تفصیل فراہم کردی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سپین میں پرویز الہیٰ اور مونس الہیٰ کی مبینہ بے نامی جائیداوں کی تفصیل نیب لاہور کو موصول ہوگئی ہے۔سپین میں چوہدری خاندان کے اثاثہ جات میں 3 پارکنگ پلازے اور ایک اسٹوریج ہال بھی شامل ہے۔ شواہد سامنے آنے پر نیب نے تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کردیا ہے۔
دوسری جانب ترجمان پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ ہمیں نیب کا کوئی خط موصول نہیں ہوا، ہمیں انکوائری کیلئے نہیں بلایا گیا، نیب جب پوچھے گا توجواب دیں گے۔مونس الہیٰ کا کہنا ہے کہ میرے تمام اثاثے ڈکلیئرڈ ہیں، میرے اثاثوں میں کوئی اضافہ ہوا تو وہ 30 جون کے بعد ہوا، وہ آئندہ برس کے ٹیکس ریٹرن میں نظر آجائیں گے، کوئی پارکنگ پلازہ اور کوئی اسٹوریج ہال میری ملکیت میں نہیں چودھری مونس الٰہی نے کہا ہے کہ میرے نام پر کوئی پارکنگ پلازے ہیں نہ ہی کوئی سٹوریج ہال ہے۔