شمالی وزیرستان،سکیورٹی فورسزاور دہشتگردوں میں جھڑپ، 3جوان شہید، تین دہشتگردجہنم واصل
راولپنڈی (اے ون نیوز) شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان جھڑپ میں3 جوان شہید جبکہ تین دہشتگرد مارے گئے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان جھڑپ 9 اور 10 جون کی درمیانی شب ہوئی ، سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 3 دہشتگرد ہلاک جبکہ 4 زخمی ہوئے ہیں ۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے تین بہادر جوان بھی جام شہادت نوش کرگئے ، شہداء میں صوبیدار اصغر علی، سپاہی نسیم خان اور سپاہی محمد زمان شامل ہیں ،آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں ۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقہ میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے ، مسلح افواج دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں ، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو اورتقویت دیتی ہیں ۔