لاہور(اے ون نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر پرویز الٰہی کی اہلیہ کا شوہر کی طبیعت خرابی سے متعلق اہم ویڈیو بیان سامنے آگیا۔
ان کا کہنا ہے کہ پرویز الٰہی کو عام قیدیوں والے حقوق بھی نہیں دیئے جارہے، ان کے ساتھ جیل میں جو سلوک کیا جارہا ہے وہ انتہائی قابل افسوس ہے۔اہلیہ پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ مخالفین کے ڈر سے پی ٹی آئی بالکل بھی نہیں چھوڑوں گا۔
انہوں نے بتایا کہ آج جیل میں چودھری پرویز الٰہی سے ملاقات ہوئی، ان کا اللہ پر توکل دیکھ کر مجھے بہت خوشی ہوئی اور سکون ملا، وہ اپنے عزم پر پہلے سے زیادہ مضبوطی کے ساتھ کھڑے ہیں۔میرے شوہر بیمار ہیں مگر انہیں دوائیوں سے محروم رکھا گیا ہے اور جس سیل میں وہ ہیں وہاں وہ سیدھی طرح لیٹ بھی نہیں سکتے۔
پرویز الٰہی کی اہلیہ کا کہناہے کہ وہ اپنے موقف پر قائم رہیں گے، ان کا اپنی فیملی اور تمام لوگوں کیلئے پیغام ہے کہ وہ اپنے عزم پر پہلے سے زیادہ مضبوطی کے ساتھ کھڑے ہیں، چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ میں جہاں پہلے کھڑا تھا انشاءاللہ وہیں کھڑا رہوں گا۔
اہلیہ پرویزالٰہی نے کہا کہ مجھے ان کا حوصلہ دیکھ کر قرآن پاک کی آیت جس کا مفہوم ہے کہ “میں اپنے تمام معاملات اللہ کے سپرد کرتا ہوں” یاد آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ دن پہلے مجھے رات گئے پی آئی سی سے فون آیا کہ آپ کے خاوند کو ایمرجنسی میں یہاں لایا گیا ہے، مجھے کہا گیا کہ آپ ان کی تمام رپورٹس لے کر فوراً پہنچیں، جب میں چودھری پرویز الٰہی کی رپورٹ لے کر وہاں پہنچی تو پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی اور مجھے اندر نہیں جانے دیا گیا.
چودھری پرویزالٰہی کی اہلیہ کا ویڈیو بیان ۔ pic.twitter.com/3jFp8QUDM8
— Abbas Shabbir (@Abbasshabbir72) June 15, 2023
میں نے پولیس والوں سے درخواست کی کہ صرف دو منٹ کیلئے ملنے دیں لیکن پھر بھی نہ سنی گئی، پولیس والوں کے منہ لٹکے ہوئے تھے اور وہ کہتے تھے کہ ہم چودھری پرویز الٰہی صاحب کی بہت عزت کرتے ہیں لیکن مجبور ہیں۔
اہلیہ پرویز الٰہی نے کہا کہ ہسپتال میں پرویز الٰہی صاحب کے نامکمل ٹیسٹ کیے گئے، اس بات کی گواہی وہاں کے ڈاکٹرز بھی دیں گے، جیل میں جو سلوک چودھری پرویزالٰہی کے ساتھ ہو رہا ہے وہ انتہائی افسوسناک ہے، چودھری پرویزالٰہی کو سی کلاس میں رکھا گیا ہے لیکن انہیں سی کلاس کی سہولیات بھی نہیں دی جا رہیں۔
انہوں نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کی عمر 77 سال ہے لیکن ان کے ساتھ یہ ظالمانہ سلوک کیوں روا رکھا جا رہا ہے، یہ بتایا جائے کہ چودھری پرویزالٰہی کا اتنا کیا قصور ہے، ہماری شنوائی نہیں ہو رہی، کوئی داد رسی نہیں ہو رہی اس کی کیا وجہ ہے۔