Jannah Theme License is not validated, Go to the theme options page to validate the license, You need a single license for each domain name.
تازہ ترینتجارت

ملک بھر میں سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی خشک میوہ جات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

کراچی(سٹاف رپورٹر)ملک کے بیشتر حصوں میں موسم ٹھنڈا ہوگیا ہے جس کے بعد خشک میواجات کی طلب بھی بڑھ گئی ہے لیکن گزشتہ چند برسوں کی طرح خشک میوا جات یہاں تک مونگ پھلی بھی مہنگی ہوگئی ہے۔

موسم سرما میں مونگ پھلی کی طلب سب سے زیادہ بڑھتی ہے اور کم قیمت کی وجہ سے کم آمدن طبقے کی دسترس میں بھی ہے لیکن مونگ پھلی کی قیمت بھی ہر سال بڑھ رہی ہے، رواں سال بھی تھوک مارکیٹ میں مونگ پھلی کی قیمت 600 روپے فی کلو گرام تک پہنچ گئی ہے۔پچھلے سال چکوال کی مونگ پھلی تھوک میں 8 سے 9 ہزار روپے من تھی جس کی فی کلو گرام قیمت 225 روپے جب کہ 400 روپے فی کلو تھی۔

رواں سیزن میں تھوک مارکیٹ میں چکوال مونگ پھلی کی بغیر صاف کئے فی من قیمت 14 ہزار روپے جب کہ صاف کی گئی مونگ پھلی کی قیمت 17ہزار روپے فی من ہے، جس کی فی کلو گرام قیمت تھوک میں 350 روپے بنتی ہے ریٹیل میں یہ 500 روپے تک پہنچ گئی ہے۔اسی طرح سکھر کی مونگ پھلی کی قیمت بھی 22 ہزار سے 26 ہزار روپے من ہے یعنی 600 روپے فی کلو گرام کے لگ بھگ۔ پچھلے سال سکھر کی مونگ پھلی کی فی من قیمت تھوک مارکیٹ میں 12 سے 13 ہزار روپے فی من اور 300 روپے فی کلو گرام تھی اور ریٹیل میں سکھر کی مونگ پھلی 450 روپے تک بک رہی تھی۔

گزشتہ موسم سرما کے دوران پارہ چنار کی مونگ پھلی تقریبا 16 ہزار روپے یعنی 400 روپے کلو گرام تھی جب کہ رواں سیزن میں پارہ چنار مونگ پھلی کی فی من قیمت 22 ہزار سے 24 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے، اس طرح ہول سیل میں 600 روپے اور ریٹیل میں 800 روپے فی کلو گرام تک فروخت ہوگی۔اسی طرح گزشتہ سال انجیر کی تھوک قیمت تقریبا ایک ہزار روپے اور ریٹیل 1300روپے تھی جو اس وقت ہول سیل میں 2 ہزار روپے اور ریٹیل میں 2300 روپے تک پہنچ گئی ہے۔تاجروں نے بتایاکہ قوت مدافعت بڑھانے کے لئے انجیر تجویز کی جاتی ہے جس کی کرونا اور بعد میں ڈینگی وائرس کی وجہ طلب بڑھ گئی ہے جب کہ اس کے مقابلے میں پیدوار کم ہے جس کے نتیجے میں انجیر کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔

ڈالر مہنگا ہونے کی وجہ سے امریکی بادام کی قیمت بھی 2 ہزار روپے سے تجاوز کرگئی ہے، پچھلے سال بادام کی تھوک قیمت 1200 سے 1500روپے تھی۔البتہ چین اور امریکہ سے درآمد ہونے والے اخروٹ کی قیمت600روپے ہے پچھلے سال بھی تقریبا یہی قیمت تھی۔سندھ میں بارشوں اور سیلاب سے کھجور کی فصل متاثر ہونے کے باعث چوہارے کی قیمت جو پچھلے سال 250 سے 300 روپے کلو گرام تھی وہ بڑھ کر 500 تا 600 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

مارکیٹ سروے کے مطابق کشمش کے نرخوں میں کوئی خاص فرق نہیں آیا، گول کشمش کی قیمت تھوک میں 600 روپے اور سندر خانی کشمش کی قیمت ایک ہزار روپے جب کہ ریٹیل میں 300 روپے قیمت زیادہ ہے۔پستہ بھی مختلف کوالٹی میں 1500 تا 2800 روپے میں فروخت ہورہا ہے جس کی قیمت پچھلے سال بھی یہی تھی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button