Jannah Theme License is not validated, Go to the theme options page to validate the license, You need a single license for each domain name.
اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

اسلام آباد،راولپنڈی،موسلا دھار بارش،13 افراد جاں بحق

اسلام آباد (اے ون نیوز)راولپنڈی اور اسلام آباد میں رات سے شروع ہونے والا موسلا دھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے.نالہ لئی بھی بپھر گیا ہے.

اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلا دھار بارش کے نتیجے میں دیوار گرنے کے واقعات میں بچی سمیت 13 افراد جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلا دھار بارش ہوئی ، تھانہ نون کے علاقے پشاور روڈ پر گولڑہ موڑ کے قریب دیوار گرگئی جس کے نیچے دب کر 12افراد جاں بحق ہوگئے ۔

پولیس حکام کاکہنا ہے کہ ملبے سے چار زخمیوں کو بھی نکالا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کاکہنا ہے فوری طور پر ریسکیو ٹیموں کو جائے وقوعہ پر پہنچا دیا گیاہے جبکہ امدادی ٹیموں نے لاشیں نکال کر ہسپتال منتقل کر دیں، ریسکیو کی جانب سے مزید آپریشن جاری ہے ۔

پولیس کے مطابق ایک اور واقعہ تھانہ کھنہ کے علاقے محمد ٹاؤن میں پیش آیا جہاں دیوار گرنے سے 11 سالہ بچی بھی جاں بحق ہوگئی۔

نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے گولڑہ موڑ کے قریب دیوار گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ، محسن نقوی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے ۔

دوسری جانب راولپنڈی اسلام آباد میں رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ، راولپنڈی کے علاقہ گوالمنڈی کے مقام پر نالہ لئی کی سطح 15 فٹ سے اوپر ہو گئی، نالہ لئی میں سیلابی کیفیت کے پیش نظر خطرے کے سائرن بجادئیے گئے جبکہ نشیبی علاقوں سے شہریوں کی نقل مکانی شروع کردی گئی ہے ۔

پاک فوج سمیت تمام اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے ، کمشنر راولپنڈی کا کہنا ہےکہ رین ایمرجنسی کے پیش نظر پاک فوج کے دستوں کو نالہ لئی پر تعینات کردیا گیا ہے، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ موجود رہے گی۔

ڈی سی کے مطابق اسسٹنٹ کمشنرز ، میجسٹریٹس ، ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ، سی ڈی اے اور ریسکیو ایم سی آئی کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ، تاحال ای الیون ، جی نائن ، ایچ 13، آئی9 ،ایف سیون اور جی سیون کی کچی آبادی کے نالوں میں پانی کی سطح کنٹرول میں ہے ، ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو اور ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈی واٹر سیٹس کیساتھ ٹیمیں ہائی الرٹ ہیں ۔

چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان نے کہا ہےکہ راولپنڈی میں بارش کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے انتظامات مکمل ہیں، ٹریفک عملے کو بارش کے دوران ڈرائیوروں کی مدد کو یقینی بنانےکی ہدایات کی گئی ہیں۔

چیف ٹریفک آفیسر مری نے بھی عملے کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ لفٹرز اور بریک ڈاونز پیٹرولنگ حالت میں رہیں، شہریوں اور سیاحوں کو ہر ممکنہ مدد فراہم کریں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں 138 ملی میڑ جبکہ راولپنڈی میں 188 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ مری اور گلیات میں مون سون کی طوفانی بارش کا نیااسپیل شروع ہوگیا ، موسلادھار بارش نے جہاں جل تھل ایک کر دیا ہے ، محکمہ موسمیات نے بارش کا سلسلہ 23 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے ۔

آزاد کشمیر میں بھی مون سون کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے، مظفرآباد اور گردونواح میں بارش سے موسم خوشگوارتو ہوا لیکن سڑکیں تالاب کامنظر پیش کرنے لگی ہیں ، مظفرآبادکے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ، بارشوں کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ بھر میں بھی بارش کی پیش گوئی کردی ، کراچی میں آئندہ چوبیس گھنٹوں میں موسم جزوی ابرآلود رہے گا، جبکہ رات اور دن میں بوندا باندی کا امکان ہے۔ شہر میں جمعرات سے مون سون کا دوسرا سسٹم انٹری دے گا، جس کے باعث 20 سے 22 جولائی تک شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد سمیت پنجاب، کشمیر، خطہ پوٹھوہار میں بھی مزید بارش کا امکان ہے جبکہ شمال /مشرقی بلو چستان اور خیبر پختونخوا میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش بھی متوقع ہے ۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button