لاہور(اے ون نیوز)محکمہ جیل خانہ جات پنجاب نے اٹک جیل میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو دی جانے والی سہولیات کی تفصیلات جاری کردیں۔
ترجمان محکمہ جیل خانہ جات کا کہنا ہےکہ عمران خان کو سکیورٹی وجوہات پر جیل میں علیحدہ حصے میں رکھا گیا ہے، قانون کےمطابق عمران خان کو ایئرکولر، چارپائی اور چھت والا پنکھا دیا جا چکا ہے۔
ترجمان کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو بیڈ میٹرس، تکیہ، ٹیبل اور دو کرسیاں بھی دی گئی ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہےکہ جیل اور بیرک کی صفائی ستھرائی کا مکمل انتظام کیا گیا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کو ضروری طبی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں،جیل قواعد کے مطابق ڈاکٹروں کی نگرانی میں چیئرمین پی ٹی آئی کو خوراک مہیا کی جا رہی ہے۔
ترجمان محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کے مطابق عمران خان کے وکیل اور ان کی فیملی کو جیل قواعد کے مطابق ملاقات کی سہولت بھی حاصل ہے۔