لاہور(اے ون نیوز)کسی نے ٹھیک ہی کہا ہے کہ جرم چھپائے نہیں چھپتا،ایسا ہی ایک واقعہ لاہور میں پیش آیا جہاں ایک شخص نے امریکی بیوی کو بے دردی سے قتل کر دیا،لیکن موقعہ پر ہی دھر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور فیکٹری ایریا کے علاقے بندیاں والا پل کے قریب قبرستان میں کاظم کمال خان نامی شخص رات گئے لاش دفنانے قبرستان اکیلا ہی آیا جسے اہل علاقہ نے دیکھ لیا اور پولیس کو اطلاع کی۔
معلوم ہوا ہے کہ ملزم مردہ عورت کا شوہر ہے جس نے اسے قتل کردیا تھا اور قبرستان میں خاموشی سے تدفین میں مصروف تھا کہ اسے دھر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق خاتون کی شناخت ڈائنا کرسٹو خان کے نام سے ہوئی جسے شوہر کاظم کمال خان نے تشدد کر کے قتل کیا، پولیس اور فرانزک ٹیم نے شواہد جمع کر کے مختلف پہلوو¿ں پر تحقیقات کا اغاز کردیا، پولیس اور تحقیقاتی اداروں نے کارروائی کے بعد لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مردہ خانہ منتقل کردی۔
ایس پی کینٹ اویس شفیق کے مطابق پولیس نے مددگار 15 کی کال پر فوری ایکشن لیا اور کاظم خان کو گرفتار کیا، ملزم نے امریکن بیوی ڈائینا کرسٹو خاں کو تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا، مزید حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ میں سامنے آئیں گے، پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزم سے تفتیش شروع کردی ہے۔