لاہور(اے ون نیوز)پاکستان کرکٹ کی تاریخ پر مبنی ویڈیو سے سابق کپتان عمران خان کو نکالے جانے پر تنقید کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) کو غلطی کا احساس ہوگیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستانی کرکٹ کی تاریخ کا نیا پرومو جاری کردیا جس میں عمران خان کو شامل کیا گیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے 14 اگست کو سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی تھی جس میں 1952 سے لے کر موجودہ وقت تک کے کرکٹ سے متعلق تاریخی اور یادگار واقعات کے مناظر دکھائے گئے۔
لیکن اس پوری ویڈیو میں 1992 میں پاکستان کے لیے واحد کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان عمران خان ہی غائب تھے جس پر صارفین نے پی سی بی کو آڑے ہاتھوں لیا اور عمران خان کی غیر موجودگی کا گِلہ بھی کیا۔
اس کے علاوہ شائقین نے پی سی بی کے پہلے پرومو میں ٹیسٹ چیمپئن شپ اور ویمنز ٹیم کی فتوحات نہ دکھانے پر بھی پی سی بی پر تنقید کی تھی۔
تاہم شائقین کی جانب سے تنقید کے بعد پی سی بی نے پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا نیا پرومو جاری کردیا، نئے پرومو میں عمران خان کی ویڈیو اور تصاویر بھی لگادی گئیں۔
The PCB has launched a promotional campaign leading up to the CWC 2023. One of the videos was uploaded on 14th August 2023. Due to its length, the video was abridged and some important clips were missing. This has been rectified in the complete version of the video ⤵️ pic.twitter.com/Rz2OBDyI9i
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) August 16, 2023
نئے پرومو میں عمران خان کو ورلڈکپ ٹرافی اٹھاتے دیکھا جاسکتا ہے۔پی سی بی کی جانب سے جاری نئے پرومو میں پاکستان ویمنز ٹیم کی ایشین گیمز میں جیت کا بھی ذکر شامل ہے جبکہ ندا ڈار کے 100 وکٹوں کا ریکارڈ بھی نئی ویڈیو میں شامل کرلیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ پی سی بی نے مصباح کا ٹیسٹ میس اٹھانا بھی نئی وڈیو میں شامل کرلیا۔