جنوبی افریقہ کا مینز اور ویمنز کرکٹرز کو یکساں معاوضہ دینے کا اعلان
جوہانسبرگ(اے ون نیوز)جنوبی افریقا کی خواتین کرکٹرز کو مرد کرکٹرز کے برابر معاوضہ دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
کرکٹ جنوبی افریقا نے مرد اور خواتین کرکٹرز کو یکساں معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد خواتین اور مرد کرکٹرز انٹرنیشنل میچز کی یکساں میچ فیس وصول کریں گے۔
عام طور پر خواتین کرکٹرز کا معاوضہ مرد کرکٹرز سے کم ہی ہوتا ہے، لیکن جنوبی افریقا، نیوزی لینڈ اور بھارت کے بعد تیسرا ملک ہے جس نے مرد اور خواتین کرکٹرز دونوں کو برابر معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
کرکٹ جنوبی افریقا کے سی ای او فولیٹسی موسیکی کا کہنا ہے کہ یکساں معاوضوں کا اعلان ایک اہم قدم ہے جس سے ملک میں خواتین کرکٹ کو مزید فروغ ملے گا۔
واضح رہے کہ حالیہ برسوں میں جنوبی افریقن ویمنز کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے،یہ ٹیم گزشتہ سال نیوزی لینڈ میں ہونے والے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں بھی پہنچی تھی۔
اس کے علاوہ رواں سال آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں جنوبی افریقا کی ویمنز کرکٹ ٹیم پہلی بار فائنل میں پہنچی لیکن فائنل میں اسے آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔