اسلام آباد(اے ون نیوز)سینئر قانون دان اعتراز احسن نے وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے آئندہ 10 دن کے فیصلے پاکستان کے 50 سال کے مستقبل کا تعین کرینگے ،سارے کھلواڑ میں سب سے بڑا مجرم چیف الیکشن کمشنر ہے۔
اعتراز احسن نے کہاآئین و قانون کی بالادستی سے ہی یہ ملک آگے بڑھ سکتا ہے ، آئین میں واضح لکھا ہوا ہے کہ 90 دن کے اندر الیکشن کراناہوں گے ، ججز اگر ایکشن لیں گے تو وکلا ان کا بھرپور ساتھ دیں گے ، جس طرح ہم ججز کا دفاع کررہے ہیں ججز کو بھی ایکشن لینا چاہیے ، وکلا نے فیصلہ کیا ہے کہ ہمیں کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہاملک کو خانہ جنگی کی طرف لے جانے کی بھوک سامنے ہے، ان لوگوں کے پاس تو ڈالر ہیں یہ باہر چلے جائیں گے ، انجوائے کرینگے ، پرویز الٰہی اسلام آباد آئے ہی نہیں تو نقص امن کا کیا خطرہ ہے، اسلام آباد پولیس نے تو پرویز الٰہی کو لاہور سے اغوا کیا ہے، شہباز شریف کی حکومت میں وزرا نے کہا عدالت کو مانتے ہی نہیں، عدالتیں رہا کرنے کا فیصلہ کرتی ہیں پھر گرفتار کرلیا جاتا ہے، ڈھٹائی کے ساتھ عدالت کا فیصلہ ہی نہیں مانا جاتا۔