کراچی(اے ون نیوز)کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں کے لئے بری خبر،سنگین مالی مسائل کا شکارپی آئی اے کا کینیڈا کے لیے فضائی آپریشن لاکھوں ڈالرز کی عدم ادائیگی کے باعث بند ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق لاکھوں ڈالرز کی عدم ادائیگی کے باعث پی آئی اے کی پروازوں کو گراؤنڈ ہینڈلنگ سروسز بند کر دی گئی ہے اور اس حوالے سے سوئس پورٹ نامی کمپنی کی جانب سے گزشتہ روز پی آئی اے کو باقاعدہ ای میل بھی بھیجی جا چکی ہے۔
سوئس پورٹ کے نائب صدر کمرشل کی جانب سے پی آئی اے مینیجر پسنجر ہینڈلنگ سروسز کو جاری ای میل میں بتایا گیا کہ واجبات کی عدم ادائیگی پر 3 اکتوبر شام 5 بجے سے پی آئی اے کے لیے گراؤنڈ ہینڈلنگ کی سروسز بند کر دی گئی ہیں۔
کمپنی کی جانب سے جاری ای میل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 2 لاکھ 48 ہزار ڈالرز کی فوری ادائیگی کی جائے اور آئندہ سروسز کی فراہمی کے لیے ایک لاکھ ڈالرز ایڈوانس بھی ادا کیے جائیں۔
مراسلے کے مطابق دونوں کمپنیوں کے مابین معاہدے کی متعلقہ شرائط کے تحت سروسز بند کی جا رہی ہیں۔
سنگین مالی مسائل سے دوچار پی آئی اے کا ٹورنٹو آپریشن ہفتہ وار لاکھوں ڈالرز ریونیو فراہم کرتا ہے، ترجمان پی آئی اے کو موقف کیلئے ای میل اور مراسلہ روانہ کرنے کے باوجود جواب نہیں دیا گیا۔