واشنگٹن (اے ون نیوز) اسرائیل پر حماس کے حملے کے بعد امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے کہا ہے کہ امریکا یقینی بنائے گا کہ اسرائیل کے پاس اپنے دفاع کا سامان موجود ہو۔
امریکی وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں امریکی محکمہ دفاع اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کرے گا کہ اسرائیل کے پاس اپنے دفاع اور شہریوں کو اندھا دھند تشدد اور دہشت گردی سے بچانے کے لیے ضروری دفاعی صلاحیت موجود ہو۔
لائیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ امریکا اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کرے گا کہ اسرائیل کے پاس اپنے دفاع کے لیے جو ضرورت ہے وہ موجود ہے۔امریکا کی جانب سے اسرائیل پر حماس کے حملوں کی مذمت بھی کی گئی ہے۔ قومی سلامتی کونسل کی ترجمان ایڈرین واٹسن نے ایک بیان میں کہا کہ دہشت گردی کا کبھی کوئی جواز نہیں ہے۔
ہم اسرائیل کی حکومت اور عوام کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں اور ان حملوں میں ضائع ہونے والی اسرائیلی جانوں کے لیے اپنی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ فلسطینی جنگجوؤں نے اسرائیل پر حملہ کیا جس میں متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے اور کئی کو یرغمال بنالیا گیا جبکہ اسرائیل نے جوابی کارروائی میں 160 فلسطینی شہید اوار تقریباً 1000 افراد کو زخمی کردیا۔