متحدہ عرب امارات میں ہونے والی قرعہ اندازی ”ایمریٹس ڈرا“ میں اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے پاکستانی شہری کی بڑی لاٹری نکل آئی۔
تفصیلات کے مطابق ایزی 6 گیم کے حالیہ فاتح محمد انعام نے 15 ملین درہم کا جیک پاٹ جیتا ہے جو پاکستانی سوا ارب روپے سے زائد بنتے ہیں۔محمد انعام کا کہنا ہے کہ ان کی اولین ترجیح زندگی بھر کے خواب کو پورا کرنا ہے، جس میں حج بھی شامل ہے۔محمد انعام اسلام آباد میں پیدا ہوئے تھے اور متحدہ عرب امارات میں مقیم ہیں۔ وہ ابوظہبی میں واقع ایک نجی فرم میں فنانس آڈیٹر ہیں۔
انعام کا لاٹری خریدنے کا سفر 2021 میں اس وقت شروع ہوا جب انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک اشتہار دیکھا۔اگرچہ وہ کافی عرصے سے لاٹری میں حصہ لے رہے تھے، لیکن اب ان کی استقامت رنگ لے آئی ہے۔انعام نے اس حوالے سے کہا کہ، ’الحمدللہ، میرے بہت سے منصوبے اب عملی شکل اختیار کر سکتے ہیں۔
انعام نے انکشاف کیا کہ یہ خاص جیت حیران کن تھی، کیونکہ انہوں نے اپنے معمول کے حسابی انداز سے ہٹ کر انتخاب کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ’یہ واحد موقع ہے جب میں نے آنکھیں بند کر کے نمبروں کا انتخاب کیا۔ مجھے اپنے منتخب کردہ نمبروں کا بھی علم نہیں تھا۔ اگر میں نے ان کو دیکھا ہوتا تو میں اس انتخاب میں حصہ نہ لیتا، جیسا کہ میں نے لگاتار 14 اور 15 کا انتخاب کیا‘۔جب زندگی بدل دینے والی کال آئی تو انعام نے ابتدا میں اسے مذاق سمجھ کر مسترد کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ بعد میں مجھے احساس ہوا کہ کال سچ تھی، اور میں اب ایک کروڑ پتی ہوں۔انعام نے سب سے پہلے اپنی اہلیہ کے ساتھ یہ خبر شیئر کی۔اپنی جیت کو بروئے کار لانے کے اپنے فوری منصوبوں پر بات کرتے ہوئے، انعام نے فیملی کار خریدنے کی بات کی۔
انعام نے کہاکہ مزید تمام سرمایہ کاری اور اخراجات ملتوی کر دیے جائیں گے اور میرے خاندان کے حج کے بعد کیے جائیں گے۔حج کے بعد، انعام نے کہا کہ وہ متحدہ عرب امارات کی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، ان کی جیت کا ایک حصہ خیراتی کاموں میں بھی دیا جائے گا۔