اہم خبریںتازہ ترینشوبز

معروف ٹک ٹاکر سمیرا راجپوت پراسرار طور پر جاں بحق؛ دو مشتبہ افراد زیر حراست

گھوٹکی(اے ون نیوز) سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہونے والی ٹک ٹاکر سمیرا راجپوت اپنے گھر سے مردہ حالت میں پائی گئیں، جس کے بعد علاقہ مکینوں اور مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

ابتدائی معلومات کے مطابق سمیرا راجپوت کی لاش کو رکشے میں اسپتال منتقل کیا گیا جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔ ان کی موت کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انصاف کی بھرپور اپیل کی جا رہی ہے۔

سمیرا کے قریبی ذرائع اور اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ اُن کی موت فطری نہیں بلکہ ایک منصوبہ بند قتل ہے۔ ان کے مطابق، سابق شوہر اور بعض دیگر افراد سمیرا پر دوبارہ شادی کا دباؤ ڈال رہے تھے۔

ڈی ایس پی گھوٹکی کے مطابق، سمیرا کی 15 سالہ بیٹی نے پولیس کو دیے گئے بیان میں انکشاف کیا ہے کہ چند افراد ان کی والدہ پر دباؤ ڈال رہے تھے اور انکار پر مبینہ طور پر انہیں زہریلا مواد دے کر ہلاک کر دیا گیا۔

تاحال پولیس کی جانب سے موت کی وجہ پر کوئی حتمی بیان جاری نہیں کیا گیا۔ تاہم، دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی میڈیکل رپورٹ کے مطابق جسم پر تشدد کے آثار نہیں ملے، جبکہ موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے خون کے نمونے لیبارٹری بھجوائے گئے ہیں۔

شوبز حلقے، آن لائن کمیونٹی اور مداحوں کی جانب سے سمیرا کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا جا رہا ہے اور مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں۔

یاد رہے کہ پاکستان میں اس سے پہلے بھی کئی سوشل میڈیا شخصیات کو پرتشدد واقعات کا نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ اسلام آباد میں ٹک ٹاکر ثنا یوسف کو دوستی سے انکار پر قتل کیا گیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button